وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان کی امجد صابری کی رہائش گاہ پر آمد

وزیراعظم نے سندھ حکومت اور سکیورٹی اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ امجد صابری کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے،سینیٹر اسحاق ڈار

جمعہ 24 جون 2016 21:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان جمعہ کو لیاقت آباد میں معروف قوال امجد صابری کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے ۔وفاقی وزیر خزانہ اور گورنر سندھ نے امجد صابری کے بھائی ثروت صابری سے تعزیت کا اظہار کیا اور امجد صابری کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی ۔

وفاقی وزیر خزانہ اور گورنر سندھ نے امجد صابری کی خدمات کو سراہا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ان کے بھائی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امجد صابری نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام اجاگر کیا اور امجد صابری کا پیغام محبت اور امن کا پیغام تھا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سندھ حکومت اور سکیورٹی اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ امجد صابری کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خزانہ نے امجد صابری کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر امجد صابری کے قتل میں ملوث ملزمان کو ہر حال میں گرفتار کرے گی ۔اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے امجد صابری کی خدمات پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت میں پیش کیا اور ان کے اہل خانہ کو قاتلوں کی گرفتاری کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹری جنرل نہال ہاشمی بھی موجود تھے ۔