چیف جسٹس سندھ کے بیٹے کے اغوا کے بعد امجد صابری کا قتل سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے‘پیر معصوم نقوی

ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، ریاستی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں‘ سربراہ جے یو پی نیازی کی کارکنوں سے گفتگو

جمعہ 24 جون 2016 21:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جون ۔2016ء ) جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ عاشق رسول و اہل بیت مشہورقوال امجد صابری کی شہادت سکیورٹی اداروں اور حکومت کے لئے باعث ندامت ہے، ایسا شخص جس نے کسی کی دل آزاری نہیں کی، ہمیشہ عشق مصطفی سے دلوں کو منور کیا، کسی سے سیاسی جھگڑا نہیں، اس کو دن دیہاڑے قتل کردینا یقینا ساز ش ہے،حقائق قوم کے سامنے پیش کئے جائیں۔

کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیر معصوم نقوی نے کہا کہ بے ضرر لوگ بھی دہشت گردوں کا نشانہ بن رہے ہیں، جو حکومت امن و امان قائم نہ کرسکے، اس کا برقرار رہنا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے بیٹے کے اغوا کے بعد امجد صابری کا قتل سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

(جاری ہے)

نوحہ خوان فرحان علی پر بھی حملہ ہوا ہے، کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے اہم رہنما کا اغوا بتارہا ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ۔

ریاستی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کا کسی کو خیال نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امجد صابری کی رمضان المبارک میں شہادت اس کی قربانی کی قبولیت کی دلیل ہے،کہ وہ حقیقی عاشق رسول و اہل بیت تھے ۔جبکہ دہشت گردوں کا مستقل ٹھکانہ جہنم ہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مظلوموں کا قتل حکمرانوں پر قرض ہے، جس کا حساب انہیں دینا پڑے گا۔ پیر معصوم نقوی نے مطالبہ کیا کہ صوفی صفت لوگوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ آنے والے دنوں میں یوم شہادت امیرالمومنین حضرت امام علی المرتضیٰ علیہ السلام کی شہادت کے واقعہ کے بعدباقی اہم افراد کی سکیورٹی کوبھی یقینی بنایا جائے۔