لاہور سمیت ملک بھر کی مساجد میں (کل) لاکھوں افراد اعتکاف بیٹھنے کی سعادت حاصل کرینگے

جمعہ 24 جون 2016 21:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء ) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر کی مساجد میں کل لاکھوں افراد اعتکاف بیٹھنے کی سعادت حاصل کریں گے۔ بادشاہی مسجداورجامع مسجدالقادسیہ سمیت محکمہ اوقاف کے زیرانتظام مساجد میں ہزاروں افرادکے اعتکاف کیلئے وسیع پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں۔ آخری عشرہ شروع ہوتے ہی مساجد میں رش بڑھ جائے گا۔

طاق راتوں میں خصوصی دعوتی و تبلیغی پروگرام بھی ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پاکستان بھر میں لاکھوں فرزندان اسلام کل 20 رمضان المبارک کو اعتکاف بیٹھنے کی سعادت حاصل کریں گے۔ ملک بھر کے ہرچھوٹے بڑے شہر،قصبوں ودیہاتوں کی مساجد میں لوگ20 رمضان المبارک کی شام مغرب کی نماز مسجد میں ادا کریں گے اوررات عبادت کے بعد نماز فجر کے متصل بعد خیموں میں داخل ہوں گے۔

(جاری ہے)

عیدالفطر کاچاند نظرآنے کے بعد اعتکاف ختم کیاجائے گا ۔صوبائی دارلحکومت کی بڑی مساجد میں معتکفین کیلئے چند دن پہلے سے ہی نتظامات کوحتمی شکل دے دی گئی ہے۔ بادشاہی مسجد میں سینکڑوں افراد اعتکاف کریں گے۔ جامع مسجدالقادسیہ چوبرجی میں جہاں حافظ محمدسعید خطبہ جمعہ دیتے ہیں گزشتہ برسوں کی طرح امسال بھی ساڑھے تین ہزارسے زائد مردوخواتین اعتکاف بیٹھیں گے۔

مسجدالقادسیہ میں مردوں کی طرح ایک ہزار سے زائد خواتین بھی اعتکاف کرتی ہیں جن کیلئے شرعی پردہ کامکمل انتظام موجود ہوتاہے۔معتکفین کیلئے رجسٹریشن کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ طاق راتوں میں مسلمان خصوصی عبادت کریں گے اورکشمیر،فلسطین ، شام اور برما سمیت دیگرخطوں کے مظلوم مسلمانوں کیلئے دعائیں کی جائیں گی۔ آخری عشرہ کی طاق راتوں میں لیلۃ القدر کوتلاش کرنے کیلئے مسلمان ساری رات اﷲ کے حضور عبادات کرتے ہوئے اپنی حاجات ومناجات پیش کریں گے۔

متعلقہ عنوان :