اے پی ایم ایل کے رہنماؤں ڈاکٹر محمد امجد اور احمد ارضا خان قصوری کے درمیان اختلافات ختم، مل کر پارٹی مضبوط بنانے کا عزم

جمعہ 24 جون 2016 20:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے راہنماؤں ڈاکٹر محمد امجد اور احمد ارضا خان قصوری کے درمیان اختلافات کا خاتمہ ہوگیا، دونوں راہنماؤں نے مل کر پارٹی مضبوط بنانے کا عزم کیا۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو آل پاکستان مسلم لیگ کے سینٹرل سیکرٹریٹ میں پارٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد سے اے پی ایم ایل کے راہنما احمدرضا قصوری نے ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں راہنماؤں کے مابین پیدا شدہ غلط فہمیوں کا ازالہ کیا گیا اور ایک ساتھ مل کر پارٹی کو مستحکم کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔اس موقع پر ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کو برداشت کرنے کی روایات کو فروغ دیتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔آپس کے اختلافات بھلا کر سب سے پہلے پاکستان کے نظرئیے پر عمل کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

اس وقت ملک کو درپیش سیاسی خلا ہم پرکر سکتے ہیں مگر اس کے لئے باہمی اتحادویگانگت اور دوررس نتائج کی حامل پالیسیاں اپنانا ہوں گی۔

احمد رضا قصوری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اﷲ نے ہمیں جنرل(ر)پرویز مشرف جیسا لیڈر عطا کیا۔ہم جنرل(ر)پرویز مشرف کی گائیڈ لائن لے کر پارٹی کو بہت جلد صف اول کی پارٹی بنا سکتے ہیں مگر اس بڑے مقصد کے لئے آپس کے چھوٹے چھوٹے اختلافات بالائے طاق رکھنا ہوں گے۔ اس موقع پر پارٹی راہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :