حکومت نے بارہویں تک قرآن کو نصاب تعلیم کاحصہ بنا کر تاریخی کارنامہ سر انجام دیا ہے‘پروفیسر ساجد میر

قران کو منشور بنا کر ہم ملک کو امن کا گہوارہ بنا سکتے ہیں، امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث کا جمعہ کے اجتماع سے خطاب

جمعہ 24 جون 2016 20:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء ) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ حکومت نے بارہویں تک قرآن کو نصاب تعلیم کاحصہ بنا کر تاریخی کارنامہ سر انجام دیا ہے، اس اقدام سے فرقہ واریت کے خاتمے میں مدد ملے گی، قرآن کریم ہماری زندگی، ایمان اور نجات کی بنیاد ہے،جس کی تعلیم ایمان کا تقاضہ ہے۔

جامعہ ابراہیمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں کم علم مذہبی افراد نے قوم کو فرقہ وارانہ مسائل میں الجھا رکھا ہے۔جب قرآن کا ترجمہ عام ہو گا تو وہ لوگوں کی بے خبری کا غلط فائدہ نہیں اٹھاسکیں گے۔ اور ویسے بھی ہمارے بہت سے قومی اور معاشرتی مسائل کا حل قرآن سے وابستہ ہے۔ حکومت کی اس اسکیم کی تکمیل میں ہر سطح پر تعاون کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیر اور شر کی قوتوں کا ٹکراؤ جاری ہے تاہم یہ امر حوصلہ افزا ہے کہ پوش خاندانوں میں بھی دینی تعلیم کا رحجان بڑھ رہا ہے۔ اس وقت امت مسلمہ جن مسائل کا شکار ہے اس میں قرآن سے راہنمائی لیناناگزیر ہو چکا ہے۔پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں قرآنی تعلیمات کے لیے مستند اور اہل مدرسین کا انتخاب کیا جائے تاکہ قوم کے بچوں کو پورے خلوص کے ساتھ قرآن کریم کی تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کا موقع مل سکے۔انہو ں کہاکہ قران کو منشور بنا کر ہم ملک کو امن کا گہوارہ بنا سکتے ہیں، ہمارے ہاں جتنی عصبیت اور منافرت ہے اس کی بنیادی وجہ بھی قرآنی تعلیمات سے دوری ہے۔

متعلقہ عنوان :