شریف خاندان نے ملک میں بادشاہت قائم کر رکھی ہے، تحریک انصاف شریف خاندان کو اب مزید بادشاہ نہیں بننے دے گی، پاکستان ایک جمہوری ملک ہے یہاں بادشاہت کی کوئی گنجائش نہیں

تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا کا بیان

جمعہ 24 جون 2016 19:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جون ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ شریف خاندان نے ملک میں بادشاہت قائم کر رکھی ہے مگر تحریک انصاف شریف خاندان کو اب مزید بادشاہ نہیں بننے دے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان ایک جمہوری ملک ہے یہاں بادشاہت کی کوئی گنجائش نہیں اپنے ایک بیان میں اُن کا مزید کہنا تھا کہ سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ سے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں عوام کے احتجاج کے باوجود سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی اور حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔

رمضان بازاروں میں ناقص اشیاء مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں جبکہ کئی اشیاء بھی دستیاب نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عام آدمی کے معیار زندگی کو مزید بدحالی کا شکار کر رہی ہے تعلیم، صحت اور امن و امان کی پست صورت حال نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے لیپ ٹاپ اور سکوٹیز جیسے منصوبے دے کر عوام کو دھوکہ نہیں دیا جا سکتا حکومت کو دور رس اقدامات کرنے ہوں گے۔