مون سون کی بارشوں سے ڈینگی مچھر کی افزائش میں اضافے کا امکان

تمام متعلقہ محکمے عید کی چھٹیوں کے دوران ڈینگی سرویلنس کے لئے خصوصی پلان تیار کریں ‘خواجہ سلمان رفیق

جمعہ 24 جون 2016 19:38

لا ہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جون ۔2016ء ) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے تما م متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران ڈینگی سرویلنس کے لئے خصوصی پلان تیار کریں اور افسران و سٹاف کی ڈیوٹیا ں روٹیشن میں لگائی جائیں ،مون سون کی بارشوں کی وجہ سے ڈینگی مچھر کی افزائش میں اضافے کا امکان ہے جسے کنٹرول کرنے کے لئے متعلقہ اداروں کو سخت محنت سے کام کرنا ہو گا ۔

انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں کابینہ کمیٹی برا ئے ڈ ینگی کی صدارت کرتے ہو ئے کہی۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے سینئر افسران کے علاوہ گو جرانوالہ ،فیصل آباد ، راولپنڈی اور ملتان کے کمشنرز اور ڈی سی اوز نے شرکت کی ۔ ڈی سی او شیخوپورہ بھی اجلاس میں مو جود تھے ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈینگی کنٹرول پروگرام ڈاکٹر فیاض بٹ نے صوبے میں ڈینگی کی صورت حال بارے بریفنگ دی ۔

محکمہ موسمیات کے نمائندے نے بتایا کہ آئندہ چند روز میں مون سون سیزن کا آغاز ہو رہا ہے اور بارشیں معمول سے زیادہ ہونے کا امکان ہے ۔ انچارج چیف منسٹرڈینگی ریسرچ سیل پروفیسر وسیم اکرم نے ڈینگی مریضوں کا ڈیٹا بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہسپتالوں کی انتظامیہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی معاونت سے مریضوں کے اعدادوشمار میں خامیوں کو دور کرے ۔

خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ ٹی ایم ایز کے زریعے تمام بڑے شہروں میں عید سے قبل قبرستانوں میں ڈینگی سویپنگ کو یقینی بنائیں اور قبرستانوں میں صفائی کی جائے انہوں نے کہا کہ مساجد میں اعتکاف میں بیٹھے لوگوں کو مچھر کے کاٹنے سے بچانے کے لئے محکمہ اوقاف اور ضلعی انتظامیہ ڈینگی سرویلنس پر خصوصی توجہ دیں ۔ مشیر صحت نے کہا کہ عید کی چھٹیوں میں وہ ذاتی طورپر ڈینگی سرویلنس کرنے والی ٹیموں کی مانیٹرنگ کے لئے فیلڈ میں موجود ہوں گے ۔اس وقت کی گئی محنت آنے والے مہینوں میں ڈینگی پر موثر کنٹرول میں بہت معاون ثابت ہو گی ۔

متعلقہ عنوان :