سکھ یاتری جنم استھان ننکانہ صاحب یاتر ا کے بعد سخت سکیورٹی میں گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ

مہمان نوازی کیلئے سکیورٹی سمیت تمام تر انتظامات بہتر انداز میں کیے گئے ہیں ‘ جتھ لیڈر سردار گورمیت سنگھ کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 24 جون 2016 19:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جون ۔2016ء)مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کے موقع پر ہمسایہ ملک بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری جنم استھان ننکانہ صاحب یاتر ا کے بعد سخت سکیورٹی میں گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ ہو گئے ۔ اس موقع پر جتھ لیڈر سردار گور میت سنگھ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہا ں پر ہماری مہمان نوازی کے لیے سیکورٹی سمیت تمام تر انتظامات بہتر انداز میں کیے گئے ہیں جبکہ ہمیں ٹرانسپورٹ ،رہائش ،میڈیکل سمیت تمام تر سہولیات میسر ہیں جس پر ہم چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاورق کے بے حد شکر گزار ہیں ۔

پاکستان میں آکر ہمیں بہت زیادہ خوشی ہوئی ،ہمارے گورو دواروں کی دیکھ بھال پر چیئرمین متروکو وقف املاک بورڈ کے بے حد شکر گزار ہیں ۔

(جاری ہے)

مذہبی رسومات کے لیے پاکستان آئے ہوئے یاتری آج ( ہفتہ )گورو دارہ پنجہ صاحب میں اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے جبکہ کل مورخہ26جون کو گورو دوارہ ڈیرہ صاحب لاہور روانہ ہوں گے جہاں پر قیام کے دوران یاتری گورو دوارہ دربار صاحب کرتار پور ،ناروال اور گورو دوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد کا دورہ کریں گے ۔جبکہ مرکزی تقریب بھو گ کھنڈ پاٹھ صاحب گورو دارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں 29جون کو ہو گی جسکے بعد سکھ یاتری 30جون کو بذریعہ واہگہ ریلوے سٹیشن واپس بھارت لوٹ جائیں گے۔