ٹیوٹا 2500نوجوانوں کوایک سال کے دوران 17قابل روزگارشارٹ کورسز میں مفت تربیت فراہم کرے گی ،گیم بیروزگار نوجوانوں کو6 ماہ دورانیہ کی تربیت14اضلاع میں نئے تعمیر کئے گئے 20گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجیز اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس میں دی جائے گی ،باقاعدہ کلاسز کا آغاز 27جون سے کیا جائیگا‘چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ

جمعہ 24 جون 2016 19:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جون ۔2016ء) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی ( ٹیوٹا )2500نوجوانوں کوایک سال کے دوران 17قابل روزگارشارٹ کورسز میں مفت تربیت فراہم کرے گی، بیروزگار نوجوانوں کو6 ماہ دورانیہ کی تربیت14اضلاع میں نئے تعمیر کئے گئے 20گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجیز اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس میں دی جائے گی جس میں باقاعدہ کلاسز کا آغاز 27جون سے کیا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے 6ماہ دورانیہ کے 17شارٹ کورسز متعارف کروانے کیلئے جائزہ کار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی، اختر عباس بھروانہ، اظہر اقبال شاد ،عامر عزیز اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

عرفان قیصر شیخ نے بتایا کہ نوجوانوں کو یقینی روزگار کی فراہمی کیلئے جدید شارٹ کورسز انڈسٹری کی مشاورت سے متعارف کروائے جا رہے ہیں جن میں لڑکوں کیلئے 11شارٹ کورسزآٹو کید، آٹو میکنک، سول سروئیر، الیکٹریشن، فٹر جنرل، موٹر وائنڈنگ،ایچ وی اے سی آر، مشینسٹ، موٹر سائیکل مکینک، کوانٹٹی سروئیر، ایکسپورٹ اینڈ امپورٹ ڈاکومنٹیشن،لڑکیوں کیلئے 4کورسزفیشن ڈیزائننگ، ڈومیسٹک ٹیلرنگ ، پروفیشنل کوکنگ، بیوٹیشن جبکہ لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے 2کورسز ویب ڈیزائننگ ، سرٹیفکیٹ ان کمپیوٹر ایپلیکشن شامل ہیں ۔

چیئر پرسن ٹیوٹا نے کہا کہ صوبہ بھر میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کافروغ وزیر اعلی پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اورٹیوٹا پنجاب کے بیروزگاروں کو ہنر مند بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ زیر تربیت افراد کودوران ٹریننگ ایک ہزار روپے ماہانہ وظیفہ اورتربیت کے متعلقہ میٹریل بھی مفت فراہم کیائے گا۔زیر تربیت ہنرمندوں کی رجسٹریشن فیس کے اخراجات بھی ٹیوٹا خودبرداشت کرے گی۔