(ن) لیگ حکومتی بند گلی میں داخل ہو چکی ہے انکے پاس احتساب کے سواکوئی راستہ نہیں‘عوام کی نظروں میں حکمران ’’نااہل ‘‘ہوچکے الیکشن کمیشن سے بھی انکے خلاف ایسا ہی فیصلہ آئیگا ‘حکمرانوں کو احتساب کے نام سے بھی ڈر لگتا ہے ‘قوم کے سامنے جھوٹ بولنے والے حکمرانوں کی نااہلی کیلئے قانونی راستہ کر نا ہمارا آئین و جمہو ری حق ہے‘پنجاب حکومت کسانوں کو ’’لولی پاپ‘‘دے رہی ہے

سابق گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور کی مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 24 جون 2016 19:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جون ۔2016ء) سابق گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ (ن) لیگ حکومتی بند گلی میں داخل ہو چکی ہے انکے پاس احتساب کے سواکوئی راستہ نہیں ‘عوام کی نظروں میں حکمران ’’نااہل ‘‘ہوچکے الیکشن کمیشن سے بھی انکے خلاف ایسا ہی فیصلہ آئیگا ‘حکمرانوں کو احتساب کے نام سے بھی ڈر لگتا ہے ‘قوم کے سامنے جھوٹ بولنے والے حکمرانوں کی نااہلی کیلئے قانونی راستہ کر نا ہمارا آئین و جمہو ری حق ہے‘پنجاب حکومت کسانوں کو ’’لولی پاپ‘‘دے رہی ہے حکمرانوں کی تر جیح عوام نہیں میٹرو ٹرین ہے۔

اپنے دفتر میں تحر یک انصاف کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے سابق گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے اتحاد کی وجہ سے (ن) لیگ بد ترین سیاسی تنہائی کا شکار ہو رہی ہے اور انکے پاس آخری آپشن یہی ہے کہ وہ خود کو پانامہ لیکس کے معاملے میں احتساب کیلئے پیش کر دیں ورنہ قوم انکو اقتدار کے ایوانوں سے باہر نکالنے پر مجبور ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف نے ملک میں کسی بھی غیر آئینی اقدام کی حامی نہیں بلکہ ہم آئین وقانون کے مطابق حکمرانوں کی پالیسوں کیخلاف جمہوری انداز میں جد وجہد کر رہے ہیں جسکے لیے عوامی اور قانون کی عدالت کا راستہ اختیار کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں (ن) لیگ کی حکومت کسانوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے اور اب بھی کسانوں سے حکومتی دعوے اور وعدے لولی پاپ کے سواکچھ نہیں کیونکہ (ن) لیگی حکومت کی تر جیح کسان اور عوام آدمی نہیں بلکہ میٹروٹر ین ہے جسکی وجہ سے عام آدمی کی مشکلا ت میں کمی کی بجائے مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور قوم انکو مزید برداشت کر نے کو تیار نہیں ۔