امجد صابری کے قتل اور اویس شاہ کے اغوا کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے‘چیئرمین سنی اتحاد کونسل

کراچی میں رینجرز کو فری ہینڈدیا جائے‘،حکومت ہر محاذ پر فیل ہوچکی ہے،ملک میں کسی کی جان او ر مال محفوظ نہیں‘صاحبزادہ حامدر ضا

جمعہ 24 جون 2016 18:51

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ امجد صابری کے قتل اور اویس شاہ کے اغوا کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے،کراچی میں رینجرز کو فری ہینڈدیا جائے،حکومت ہر محاذ پر فیل ہوچکی ہے،ملک میں کسی کی جان او ر مال محفوظ نہیں، امجد فرید صابر ی امن ، محبت اور عشق رسول کے علمبردار تھے،ملک میں اہم شخصیات کوچن چن کر مار اجارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن آزاد کشمیرکے ڈپٹی سیکرٹری مالیا ت کا عہدہ سے استعفیٰ دیکر سنی اتحاد کونسل میں آنیوالے خواجہ طاہر ایوب لان کی طرف سے دیئے گئے افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ نہ رکنا حکومت کی ناکامی ہے۔

(جاری ہے)

قوم حکمرانوں سے مکمل مایوس ہو چکی ہے۔حکومت نے دہشتگرد ی کے خاتمے کا سارا بوجھ فوج پر ڈال رکھا ہے۔

سول ادارے اپنے حصے کا کردار ادا نہیں کررہے ۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ رمضان نشریات کا قبلہ درست کیا جائے۔دین کے ساتھ مذاق برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ امجد صابری کے قاتلوں کو گرفتار کرکے عبرت کا نشان بنایا جائے۔امجد صابری کا قتل ریاست کیلئے چیلنج ہے۔افغان مہاجرین کی واپسی اور بارڈر مینجمنٹ لازم و ملزوم ہیں۔ آزاد کشمیر کے الیکشن فوج کی نگرانی میں کروائے جائیں۔ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں پری پول ریگنگ کررہی ہے۔الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے الیکشن میں سرکاری وسائل کے استعمال کانوٹس لے۔سنی اتحاد کونسل کے امیدوار آزاد کشمیر کے الیکشن میں حیران کن نتائج دیں گے۔