خلائی مخلوق سے رابطہ ہونے میں 1500 سال لگیں گے۔ ماہرین کا دعویٰ

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 24 جون 2016 18:45

خلائی مخلوق سے رابطہ ہونے میں 1500 سال لگیں گے۔ ماہرین کا دعویٰ

اگر آپ سمجھ رہے ہیں کہ کسی خلائی مخلوق سے آپ کی زندگی میں ہی رابطہ ہوجائے گا تو ماہرین کےمطابق آپ غلط سمجھ رہے ہیں۔کورنل یونیورسٹی کے ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ خلائی مخلوق سے رابطہ ہونےمیں 1500 سال لگ سکتے ہیں۔
کورنل یونیورسٹی کے پروفیسر ایوان سولومنیڈیس کے مطابق یہ کائنات اتنی بڑی ہے کہ روشنی کی رفتار سے سفر کرتے ہوئے بھی ہماری کمیونی کیشن کو کہکشاں کے اہم حصوں میں پہنچتے ہوئے عرصہ لگ جائے گا۔

پروفیسر ایوان اور پروفیسر یروینٹ ٹرزین،جو کورنل میں فلکیات کےپروفیسرز اور ایک مقالے کے شریک مصنف ہیں، نے پچھلے ہفتے سان ڈیاگو، امریکا میں امریکی فلکیاتی سوسائٹی کے سامنے اپنا مقالہ پیش کیا۔
اُن دونوں کی ریسرچ کا محور فرمی پیراڈاکس تھا۔ فرمی پیراڈاکس کا یہ نام 1950 کی دہائی کے طبعیات دان انریکو فرمی کے نام پر رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

فرمی نے سوال اٹھایا تھا کہ اگر بہت سے سائنسدانوں کے یقین کے مطابق زمین سے باہر بہت ہی زیادہ جدید تہذیبیں موجود ہیں تو ہمیں اُن کا اب تک ثبوت کیوں نہیں ملا؟
پروفیسر ایوان اور اُن کے ساتھی مصنف نے اپنے مقالے میں لکھا کہ انسانوں کی کمیونی کیشن 80نوری سال کے دائرے میں پہنچ چکی ہے، اور ابھی تک بہت سے ایسے ستاروں اور مقامات تک نہیں پہنچی جہاں سے ہمیں جواب مل سکے۔ انہوں نے اپنے مقابلے میں پیش گوئی کی کہ مستقبل میں 1500سالوں تک ہی خلائی مخلوق سے بات چیت کی جا سکے گی ۔