یوم بدر کا پیغام ہے ہم حق وباطل کے معرکے میں حق و سچ کا ساتھ دیں ،اسد اﷲ بھٹو

اسلام اور قرآن کا نظام عدل و انصاف پر مبنی اور مزدور دوست نظام ہے ،این ایل ایف کے تحت یوم بدر کے موقع پر دعوت افطار سے خطاب

جمعہ 24 جون 2016 18:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر وسابق رکن قو می اسمبلی اسد اﷲ بھٹو نے کہا کہ اسلام اور قرآن کا نظام عدل و انصاف پر مبنی اور مزدور دوست نظام ہے ۔نبی کریم ؐ کو بھی دنیامیں اس لیے بھیجا گیا کہ حق داروں کو ان کا حق ملے اور ظلم و استحصال کا خاتمہ ہو ۔غزوہ بدر میں اس بات کا فیصلہ ہوا کہ اب ظلم و استحصال کے بجائے اسلام کا عادلانہ نظام قائم ہوکر رہے گا اور پھروقت نے ثابت کیا کہ عرب اور عجم اسلام کے زیر نگیں ہوگئے ۔

یوم بدر کا پیغام یہ ہے کہ ہم حق وباطل کے معرکے میں حق و سچ کا ساتھ دیں اور مزدوروں ،مظلوموں اور محروموں کے حقوق کی جدوجہد میں آگے بڑھ کر شریک ہوں ۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے یوم بدر کے موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے تحت ادارہ نورحق میں ایک بڑی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا دعوت افطار سے آل پاکستان ٹریڈ یونین آرگنائزیشن کے چیئرمین حبیب الدین جنیدی ،جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر برجیس احمد ،این ایل ایف سندھ کے صدر نظام الدین شاہ ،این ایل ایف کراچی کے صدر خالد خان اور این ایل ایف کراچی کے سکریٹری عبد السلام نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسٹیٹ بنک ڈیموکریٹک لیبر یونین سی بی اے کے صدرلیاقت ساہی ،پی آئی اے کے مزدور رہنما شیخ عبد المجید ،سندھ لیبر فیڈ ریشن کے صدر شفیق غوری ،کے پی ٹی لیبر یونین کے رہنما جلیل شاہ ،پاسلوکے صدر حاجی خان لاشاری ،جنرل سکریٹری ظفر خان ،کے پی ٹی یونین کے رہنما لالہ نذیر ،پورٹ قاسم یونین کے جنرل سکریٹری سید بادشاہ ،جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر مزدور رہنما بھی موجود تھے ۔

دعوت افطار میں مختلف ٹریڈ یونین ،فیڈریشنز اور لیبر یونین کے نمائندوں اور مختلف صنعتی اداروں سے وابستہ محنت کشوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں خواتین ورکرز بھی شامل تھیں ۔اسد اﷲ بھٹو نے کہا کہ مزدروں کا اتحاد و یکجہتی ہی مزدوروں کے حقوق کی حمایت ہے۔مزدور برادری نے قومی اور حساس اداروں کی نج کاری کے خلاف جو جدوجہد کی ہے وہ قابل مبارکباد ہے۔

قومی اداروں کو بچانے کی جدوجہد پاکستان کی بقاء کی جدوجہد ہے ۔مزدور برادری آج عہد کرے کہ استحصال اور ظلم کے نظام کو ختم کرنے اور اسلام اور قرآن کے عادلانہ نظام کو قائم کرنے کی جدوجہد میں این ایل ایف کا ساتھ دیں گے۔ این ایل ایف دیگر مزدورتنظیموں اور یونینز کو بھی ساتھ ملائے اور سب مل کر جدوجہد کریں تو فتح ان شاء اﷲ مزدوروں کی ہوگی ۔

حبیب الدین جنیدی نے کہاکہ مختلف ٹریڈ یونین کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے این ایل ایف اور دوسرے قائدین کی کوششیں قابل ستائش اور خوش آئند ہیں ۔موجودہ حالات میں مزدوروں کے اتحاد کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج خواتین ورکرز کی یہاں موجودگی اس بات کا اعلان ہے کہ مزدروں کی حمایت سے تحریک کامیاب ہوگی کیونکہ خواتین کی شرکت کے بغیر کوئی جدوجہد اور تحریک کامیاب نہیں ہوسکتی ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی سرمایہ دارانہ نظام کا غلبہ ہے ۔قومی اداروں کی نج کاری کو فروغ دیا جارہا ہے اور مزدوروں کو نہ صرف بے روزگار بلکہ قتل بھی کیا جارہا ہے ۔پی آئی اے کی نج کاری کے خلاف تحریک میں دو ملازمین کی شہادت کے بعد اب مزدور تحریک کی جدوجہد میں خون بھی شامل ہوگیا ہے ۔برجیس احمد نے کہا کہ اسلام دعوت اور محبت سے پھیلا ہے ۔

اسلام پر خون خرابے کا الزام لگانے والے تاریخ دیکھ لیں۔ غلبہ اسلام کی جدوجہد میں لوگوں کو مارنے کی نہیں بلکہ ان کے دلوں اور زندگیوں کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی ہے آج بھی ایسے ہی نظام او رمعاشرے کے قیام کی ضرورت ہے جو نبی کریم ؐ نے قائم کیا تھا تاکہ معاشرے سے ظلم و استحصال اور جرائم کا خاتمہ ہوسکے ۔نظام الدین شاہ نے کہا کہ ہم ٹریڈ یونین اور مزدوروں کے حقوق کی جنگ جہاد سمجھ کر کرتے ہیں اور اسے دنیا داری نہیں بلکہ خالص دینداری سمجھتے ہیں۔

یوم بدر کا پیغام یہ ہے کہ ہم فضائے بدر پیدا کریں تو ہمارے لیے بھی آج آسمان سے فتح اور نصرت کے لیے فرشتے اتر سکتے ہیں ۔خالد خان نے دعوت افطار میں شریک مزدور رہنماؤں اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا کہ این ایل ایف مزدور حقوق کی جدوجہد میں ہمیشہ آگے رہے گی اور مزدور وں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی ۔

متعلقہ عنوان :