وزیراعظم مستقبل قریب میں پاکستان واپس نہیں آرہے بلکہ اسکائپ کے ذریعے حکومت چلاتے رہیں گے،پاکستان پیپلزپارٹی

جمعہ 24 جون 2016 18:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر شاہدہ رحمانی اور ڈاکٹر مہرین بھٹونے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے سینیٹر اسحاق ڈار اور سینیٹر پرویز رشید کے متضاد بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں سینیٹرز جو کہ وفاقی کابینہ میں دو اہم وزارتوں پر فائز ہیں کے متضاد بیانات اس طرف اشارہ ہیں کہ وزیراعظم مستقبل قریب میں پاکستان واپس نہیں آرہے بلکہ اسکائپ کے ذریعے حکومت چلاتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جب وزیراعظم ملک میں تھے تو بھی قوم کو مایوسی اور اندھیروں سے واسطہ تھا اور اگر وہ انٹرنیٹ کے ذریعے حکومت چلاتے ہیں تو بھی اس سے قوم کی حالت نہیں بدلے گی جبکہ حکمران ٹولہ آئی ایم ایف کی مکمل آشیرباد سے قومی دولت پر ہاتھ صاف کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم تمام امور سے باخبر ہے اور آف شور کمپنیوں کے ذریعے کی جانے والی کرپشن سے وزیراعظم نواز شریف کی جان نہیں چھوٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے پاکستان کو آئی ایم ایف کے قرضوں سمیت دیگر پریشانیوں میں جس طرح الجھایا ہے اب اس کی تلافی ن لیگ کو کرنا ہوگی۔

متعلقہ عنوان :