جس ملک کے حکمران بد عنوان ہوں وہ کبھی ترقی نہیں کرسکتا ‘نوشین حامد

جو پیسہ عوام پر خرچ ہونا چاہیے وہ حکمرانوں کی جیب میں جارہا ہے‘رکن پنجاب اسمبلی

جمعہ 24 جون 2016 18:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ جس ملک کے حکمران بد عنوان ہوں وہ کبھی ترقی نہیں کرسکتا ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ جو پیسہ عوام پر خرچ ہونا چاہیے وہ حکمرانوں کی جیب میں جارہا ہے ،پنجاب میں علاج معالجہ کی سہولتیں فراہم کرنے کے بجائے کمیشن کمانے کے لئے نئے نئے منصوبے بنائے جارہے ہیں ۔

عوام پر عرصہ حیات تنگ کیا جارہا ہے ،ہماری کرپشن کے خلاف تحریک سے نئے پاکستان کی راہ ہموار ہوگی اور ملک کو مشکلات سے نجات ملے گی ۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے تین سالوں میں کرپشن کرنے کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں پانامہ لیکس پر حکومت نوازشریف کا احتسا ب نہیں چاہتی ،ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں ایماندار لوگ برسراقتدار آئیں جو ملک و قو م کی ترقی کے لئے کچھ کرسکیں،کرپٹ افراد ریاستی وسائل اپنی کرپشن چھپانے اور مزید کرپشن کرنے کے لئے استعمال کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے پاس ہی ایماندار قیادت موجود ہے جو ملک کو مشکلات سے نجات دلاسکتی ہے ہم ہر سطح پر عوام کے لئے سہولتیں فراہم کریں گے اور کرپٹ حکمرانوں کو عبرت ناک سزادلوائیں گے ۔یہ ملک بہت قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا یہاں کسی کرپٹ فرد کو حکمرانی کا حق نہیں۔