کفر کی عالمی طاقتوں نے عالم اسلام پر جنگ مسلط کررکھی ہے ہر جگہ مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا جارہا ہے ‘حافظ محمد ادریس

عراق اور افغانستان کے بعد اب شام اور یمن پر کفر کی یلغار جاری ہے ،معصوم مسلمانوں کا قتل عام روکنے کیلئے عالم اسلام کو متحد ہوکر امت کے خلاف عالمی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا،مسلم دنیا پر بزدل اور عالمی استعمار کے آلہ کار حکمران مسلط ہیں ‘نائب امیر جماعت اسلامی

جمعہ 24 جون 2016 18:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ کفر کی عالمی طاقتوں نے عالم اسلام پر جنگ مسلط کررکھی ہے اور ہر جگہ مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا جارہا ہے ،عراق اور افغانستان کے بعد اب شام اور یمن پر کفر کی یلغار جاری ہے ،معصوم مسلمانوں کا قتل عام روکنے کیلئے عالم اسلام کو متحد ہوکر امت کے خلاف عالمی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا،مسلم دنیا پر بزدل اور عالمی استعمار کے آلہ کار حکمران مسلط ہیں ،امت کے کھوئے ہوئے وقار اور اسلام کی نشاۃ ثانیہ کیلئے ضروری ہے کہ مسلمان ممالک میں دیانتدار اور اسلامی حمیت و غیرت رکھنے والی قیادت بر سراقتدار آئے جو کفر کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرسکے ،امریکہ بھارت کی انگلی پکڑ کر اسے پاکستان کے خلاف جارحیت پر اکسار ہا ہے ،امریکہ بھارت کو علاقے کا تھانیدار بنانا چاہتا ہے مگر اس کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی،غزوہ بدر حق و باطل کے درمیان فیصلہ کن معرکہ تھا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ اس وقت ملک کی کوئی سمت نہیں ،خارجہ پالیسی کا کسی کو کچھ علم نہیں ،ہر طرف ایک افراتفری اور انتشار کا عالم ہے ،ایک طرف امریکہ بھارت گٹھ جوڑ خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے تو دوسری طرف ملک پر کرپٹ اور بدیانت ٹولہ مسلط ہے جسے ملک و قوم کی سلامتی اور تحفظ سے زیادہ لوٹ مارکے ذریعے اپنی دولت بڑھانے کے علاوہ کوئی کام نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جس قوم کی بیٹی کئی سال سے دشمن کی قید میں ہو اس کے حکمرانوں کو تو نیند نہیں آنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ فیصلے قیادت کرتی ہے مگر بدقسمتی سے اس وقت ملک پر مسلط لوگ جرأت مند فیصلے کرنے کی صلاحیت سے محروم ہیں ۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ پاکستان اس وقت امریکہ و بھارت کی آنکھوں میں کھٹک رہا ہے اور وہ ہر قیمت پر اسے نقصان پہنچانا چاہتے ہیں مگر ہمارے حکمران امریکہ کے سامنے بھیگی بلی بنے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا شیروں کی فوج پر گیدڑ کو کمانڈر بنا دیا جائے تو وہ کسی میدان میں بہادری سے نہیں لڑ سکتی اور اگر گیدڑوں کی فوج کی کمان شیر کے ہاتھ میں دے دی جائے تو وہ ہر میدان سے فتح یاب ہوکر نکلتی ہے ۔شیردل قوم پر گیدڑ حکمران ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اﷲ تعالیٰ نے بے پناہ انسانی اورمعدنی وسائل سے نوازا ہے ۔ملک میں وسائل کی کوئی کمی نہیں مگر بدیانت ، کرپٹ اور بزدل قیادت کی وجہ سے آج دنیا بھر میں ہمارا وقار داؤ پر لگا ہوا ہے ۔