رائل پام کیساتھ کنٹریکٹ منسوخ کرکے غیر قانونی قبضہ مافیا سے اپنی زمین واگزار کر والی ،صحتمندانہ سرگرمیاں چلتی رہیں گی ‘ خواجہ سعد رفیق

کلب کی سرگرمیوں کو معطل کر کے وہاں ریڈیمکو کا دفتر قائم کر دیا گیا ، عید کے بعد کلب دوبارہ کھولا جائیگا،کسی تھرڈ پارٹی کو بھی دے سکتے ہیں عید الفطر اور ٹرو کے دن ریلوے کی تمام ٹرینوں کے کرایوں میں 33فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے ‘ وزیر ریلوے کی پریس کانفرنس

جمعہ 24 جون 2016 18:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء )وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ رائل پام کے ساتھ کنٹریکٹ منسوخ کرکے غیر قانونی قبضہ مافیا سے اپنی زمین واگزار کر والی ہے ، کلب کی سرگرمیوں کو معطل کر کے وہاں ریڈیمکو کا دفتر قائم کر دیا گیا ہے ، عید کے بعد کلب دوبارہ کھولا جائے گا،کسی تھرڈ پارٹی کو بھی دے سکتے ہیں ،بہت افسوس ہے کہ اس ملک میں 5ہزار روپیہ چوری کرنیوالے جیل میں ہیں اور 2ارب 16کروڑ دینے والے آزاد پھررہے ہیں ، اس سے معاشرے زندہ نہیں رہتے، سپریم کورٹ میں کیس چل رہا ہے لیکن ریلوے انتظامیہ کو ڈیفالٹرز کے خلاف ایکشن کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا ، عید الفطر اور ٹرو کے دن ریلوے کی تمام ٹرینوں کے کرایوں میں 33فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے ہیڈ کوآرٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی ای او جاوید احمد بوبک ، آئی جی ریلوے منیر چشتی ، چیئرپر سن منیر آغا سمیت دیگر بھی مو جود تھے ۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سال 2001ء میں بدنیتی اور بے ایمانی کی انتہا کی گئی ، اس وقت کی انتظامیہ کو ساتھ ملا کر ٹینڈر میں زمین لیز پر دینے کی مدت 33سال تھی جسے 49 سال کر دیا گیا اور زمین 103ایکڑ تھی جسے بڑھا کر 140ایکڑ کردیا گیا ،رائل پام کو نوازنے کیلئے 33سرکاری بنگلے اورملازمین کے 108کوآرٹر مسمار کر دئیے گئے ، ستم ظریفی یہ ہے کہ زمین کا سالانہ کرایا 2کروڑ 16لاکھ سالانہ تھا جسے معمولی اعشاریے کی تبدیلی کر کے 21لاکھ 60ہزار کر دیا گیا، فیز ٹو کے تحت ہو ٹل کی تعمیر بھی کی جا نی تھی ، ہو ٹل کی کل کمائی میں سے 10فیصد ریلوے کو ملنا تھا لیکن وہاں بغیر کسی اجازت کے سینما بنایا گیا اور مارکیاں بھی بنالی گئیں ،وہاں شراب بیچی نہیں جاتی تھی بلکہ پلائی جا تی تھی اور بھی بہت کچھ ہو تا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3سال سے ریلوے کو رائل پام کی جانب سے گراس ریونیو کا ایک آنہ نہیں دیاگیا ، 2 برس سے زمین کا کرایہ ادا نہیں کیا گیا ، 4برس سے آڈٹ اکاؤنٹس و یریفائی نہیں کئے گئے ، ایک لمبا سلسلہ تھا جسے مسترد کی اور اب بھی کر تے رہیں گے ، مقدمہ چلتا رہے گا لیکن رائل پام کو پیسے ہر صورت دینے چاہئیں ، رائل پام والے 3، 3کروڑ کا وکیل لے کر آجاتے ہیں اور ہما ری پاور 3لاکھ والے وکیل کی ہے لیکن ہم ہر صور ت وائٹ کالر والوں کا مقابلہ کریں گے، ریلوے ایک لاوارث محکمہ نہیں ہے ، اسے یتیم کا مال سمجھنے والے ڈاکوؤں اور لٹیروں کا ڈ ٹ کر مقابلہ کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ رائل پام کے ساتھ کنٹریکٹ منسوخ کرکے غیر قانونی قبضہ مافیا سے اپنی زمین واگزار کر والی ہے تاہم گالف کورس قائم رہے گا، صحتمندانہ سرگرمیاں چلتی رہیں گی لیکن شراب کے اڈے چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ رائل پام اور بزنس ٹرین پر کافی عرصے سے نیب کی تحقیقات جا ری ہیں ، ہمیں یقین ہے کہ نیب اس کو منطقی انجام تک پہنچا ئے گا، افسوس کہ ہمارے دفتر سے اطلاعات لیک ہوتی رہی ہیں اگر لیک نہ ہوتیں تو ہم یہ کام بہت پہلے کر چکے ہوتے ،عید کے بعد کلب دوبارہ کھولا جائے گا،کسی تھرڈ پارٹی کو بھی دے سکتے ہیں ، رائل پام والے ایلیٹ کو بلوائیں جو چاہے کریں لیکن غلط کام کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔

انہوں نے کہا کہ نئے رواں مالی سال میں جو ریل گاڑیاں بند ہوئی تھیں ان کو پھر سے چلانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں ۔ جبکہ عید الفطر اور ٹرو کے دن یعنی دو دن ریلوے کی تمام ٹرینوں کے کرایوں میں 33فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے مالی تعاون سے شاہد رہ تا رائیونڈ 640کلومیٹر ریلوے ٹریک کو کلین اور گرین کوریڈور میں تبدیل کر نے کا فیصلہ کیا ہے ، اس کیلئے بہت جلد پاکستان ریلوے اور پی ایچ اے کے مابین معاہد ہ ہوگا، یہ ایک پائلٹ پراجیٹ ہو گا جس کے بعد دیگر بڑے شہروں میں بھی آبادی کے درمیان سے گزرنے والے ٹریکس کو کلین اور گرین کو ریڈور میں تبدیل کریں گے ۔