Live Updates

وزیراعظم کی نا اہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں پٹیشن دائر کر دی ہے ، نواز شریف نے الیکشن قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اثاثے چھپانے پر نا اہل ہونا چاہئے ، عمران خان

22 لاکھ بچے مدارس میں پڑھتے ہیں کیا انکو بھول جائیں ؟ مولانا سمیع الحق نے میرے ساتھ کھڑے ہو کر پولیو کے ڈراپس پلائے ، مدرسوں سے کوئی دہشتگرد نکلا ہے تو مدرسوں کی ریفامز کی زیادہ ضرورت ہے ، نواز شریف پاکستان کے ہسپتال میں ہوتے تو ضرور تیمارداری کیلئے جاتا ، پھول بھجوا دیئے ہیں اب انکی طبیعت ٹھیک ہے، نعیم الحق اور یاسمین راشد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 24 جون 2016 18:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی نا اہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں پٹیشن دائر کر دی ہے ، نواز شریف نے الیکشن قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اثاثے چھپانے پر نا اہل ہونا چاہئے ، ملک کو بادشاہت سے بچانے کی جنگ لڑ رہے ہیں پانامہ لیکس پر آخر تک جائیں گے الیکشن کمیشن نے کیس نہ سنا تو سپریم کورٹ جائیں گے ، حکومت کو موقع دے رہے ہیں کہ وہ احتساب کرے اگر نہیں کرینگے تو پھر پر امن احتجاج ہمارا حق ہے سڑکوں پر آئیں گے ، اپوزیشن ٹی او آرز پر اکٹھے ہیں لگ رہا ہے حکومت ٹی او آرز نہیں مانے گی، 22 لاکھ بچے مدارس میں پڑھتے ہیں کیا انکو بھول جائیں ؟ مولانا سمیع الحق نے میرے ساتھ کھڑے ہو کر پولیو کے ڈراپس پلائے ، مدرسوں سے کوئی دہشتگرد نکلا ہے تو مدرسوں کی ریفامز کی زیادہ ضرورت ہے ، نواز شریف پاکستان کے ہسپتال میں ہوتے تو ضرور تیمارداری کیلئے جاتا ، پھول بھجوا دیئے ہیں اب انکی طبیعت ٹھیک ہے ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ پر سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق ، یاسمین راشد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کراچی میں معروف قوال امجد صابری کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ امجد صابری کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے کیفرکردار تک پہنچایا جائے ، عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی نا اہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں پٹیشن دائر کر دی ہے زیر کفالت مریم نواز نے آف شور کمپنیاں کیسے بنائیں؟مریم نواز زیر کفالت ہوتے ہوئے مے فیئر فلیٹ کیسے خرید سکتی ہیں ، وزیراعظم نے 2012 کے ٹیکس ریٹرن میں لکھا کہ مریم نواز انکے زیر کفالت ہے نواز شریف نے الیکشن قوانین کی خلاف ورزی کی اثاثے درست ظاہر نہیں کئے ہم ان کیخلاف الیکشن کمیشن جا رہے ہیں ابھی تک تو الیکشن کمیشن ن لیگ کا الیکشن کمیشن بنا ہوا ہے علیم خان کے کیس میں الیکشن کمیشن کی 60 دن کی تاریخ دے کر کیس ہی نہیں سنا پھر کیسے فیصلہ دے دیا کہ بیان حلفی فراڈ ہے الیکشن کمیشن اب تک انتہائی اذیت ناک ہے انہوں نے جمہوریت کو نقصان پہنچایا ، چار حلقوں کا کہا تھا اس پر کسی کو سزا نہیں ملی ، اڑھائی کروڑ بیلیٹ غائب تھی کسی کو نہیں پکڑا گیا انہوں نے کہا کہ اثاثے چھپانے پر وزیراعظم کو نااہل ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے انصاف کی امید نہیں اور اگر الیکشن کمیشن سے انصاف نہ ملا تو سپریم کورٹ جائیں گے۔ عمران خان نے کہا برطانوی ریفرنڈم کے نتیجے پر ڈیوڈ کیمرون نے استعفیٰ دیا کیونکہ برطانوی وزیراعظم اخلاقی قوت پر حکومت کرتا ہے اس لئے جمہوریت چلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخلاقی قوت پر وزارت عظمی کی جا سکتی ہے جسمانی قوت پر تو آمریت چلتی ہے ہم جمہوریت کو بچانے کیلئے سب کچھ کر رہے ہیں ہم نواز شریف کو قانون کے نیچے لانے کی کوشش کر رہے ہیں نواز شریف جب بھی اقتدار میں آتے ہیں قانون توڑتے ہیں چھ ارب کے قرضے لئے جو پندرہ سال ادا نہیں کئے آئی ایس آئی سے پیسے لئے ہم اس ملک کو بادشاہت سے بچانے کی جنگ لڑرہے ہیں ہماری جدوجہد جمہوریت کو بچانے کی ہے۔

حکمرانوں کیخلاف درجنوں مقدمات زیرالتوا ہیں کوئی نہیں پوچھتا۔ نواز لیگ جمہوریت پارٹی ہوتی تو کوئی اور وزیراعظم ہوتا۔ احتساب کا آغاز وزیراعظم سے ہو پھر سب کا احتساب کیا جائے۔ پارلیمنٹ میں بھی جنگ لڑیں گے اور پھر سڑکوں پر بھی آئیں گے اس معاملے کو آخر تک لے کر جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو بہت عرصہ پہلے پتہ تھا کہ الیکشن کمیشن کے ممبران ریٹائرڈ ہو جائیں گے اگر الیکشن کمیشن میں کیس نہ سنا گیا تو سپریم کورٹ میں جائیں گے ایک نکتے پر سب جماعتیں اکٹھی ہو گئی ہیں جو چاہتی ہیں کہ بادشاہ سلامت کا احتساب ہو اور اس کیلئے سب سے ملنے کیلئے تیار ہیں لگ رہا ہے حکومت ٹی او آرز نہیں مانے گی۔

عمران خان متحدہ اپوزیشن کوئی انتخابی اتحاد نہیں ہے۔ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے چار قانون توڑے وہ ابھی تک بیٹھے ہوئے ہیں حکومت جو ٹی آر او بنانا چاہتی ہے وہ نواز شریف کو بچانا چاہتے ہیں جب تک ٹی او آرز کا معاملہ چل رہا ہے اپوزیشن اکٹھی ہے اس کے بعد فیصلہ کرینگے کہ عدالت میں علیحدہ علیحدہ جانا ہے یا اکٹھے جانا ہے حکومت کو موقع دے رہے ہیں کہ وہ احتساب کرے اگر نہیں کرینگے تو پھر پر امن احتجاج ہمارا حق ہے سڑکوں پر آئیں گے انہوں نے کہا کہ میرا کسی سے رابطہ نہیں ہوا پارٹی کو منظم کر رہے ہیں ۔

پانامہ لیکس کی وجہ سے پارٹی الیکشن ملتوی کرائے انہوں نے کہا کہ آپس میں اختلافات جمہوریت کا حسن ہیں پارٹی میں کوئی ایسی چیز نہیں جس سے خطرہ ہو ۔ مدرسہ اکوڑ خٹک کو گرانٹ سے متعلق سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ صوبے میں 8 لاکھ بچے انگلش میڈیم جبکہ 22 لاکھ بچے دینی مدرسوں میں پڑھ رہے ہیں کیا ان کو ایسے ہی چھوڑ دیں غریب گھرانوں کے بچوں کو معاشرے کا حصہ بنانا چاہتے ہیں نیشنل ایکشن پلان میں بھی یہی ہے مشرف کو اربوں روپے ملے کہ وہ مدرسوں کی اصلاح کر ے مدرسوں کی اصلاح ہو رہی ہے تاکہ یہ ایک قوم بنے پتہ نہیں کیوں شور مچایا جا رہا ہے 22 لاکھ بچے سارے تو دہشتگرد نہیں ہمارے مفاد میں ہے کہ ملک کو اکٹھا کریں مدارس کیلئے فنڈز پر تنقید کرنے والوں کو معاشرے کی سمجھ ہی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی مدرسے کے ذریعے ہماری پولیو مہم شروع ہوئی انسداد پولیو مہم میں مولانا سمیع الحق نے ساتھ دیا۔ کراچی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب تک پولیس کی اصلاح نہیں ہوتی اس وقت کراچی کا مسئلہ حل نہیں ہو گا شہروں میں دہشتگردی کو کنٹرول کرنے میں پولیس کا کردار بہت اہم ہے کے پی کے میں کور کمانڈر نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے نیچے آنے میں پولیس ریفارمز نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے ۔

وزیر اطلاعات سے متعلق عمران خان نے کہا کہ انکی احمقانہ باتوں پر انکے خلاف کیس ہونا چاہئے اگر کسی نے کوئی غلط کام کیا ہے تو اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے جہاں سے دہشتگرد نکلے تو کیا وہاں مدرسے بند کر دیئے جائیں یہ کون سا کام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی تیمار داری سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے انہیں پھولوں کا گلدستہ بھیجا ہے اگر وہ پاکستانی ہسپتال میں ہوتے تو انکی تیمارداری کیلئے ضرور جاتا میاں صاحب مجھے پوچھنے آئے تھے انکا شکریہ میں شوکت خانم میں تھا میں کوئی باہر علاج کرانے نہیں گیا اب تو وہ ٹھیک ہو گئے ہیں ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات