رمضان ٹرانسمیشن کے نام پر عریانی و فحاشی کو فروغ دیا جارہا ہے ‘ ذکر اﷲ مجاہد

اﷲ کی نصرت حاصل کرنے کے لیے فضائے بدر پیدا کرنا ہوگا ‘امیرجماعت اسلامی لاہور

جمعہ 24 جون 2016 18:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء ) امیرجماعت اسلامی لاہور ذکر اﷲ مجاہد نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی بابرکت گھڑیوں میں شعائر اسلام کا مذاق اڑانا اﷲ کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اسلامی جمعیت طلبہ کی طرف سے یوم بدر کے موقع پر دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

افطارڈنر سے اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ صہیب الدین کاکا خیل ، ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور جبران بن سلمان نے بھی خطاب کیا جبکہ شہداء کے ورثاء ، محمد اعجاز ، راشد داؤد بخاری اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی ۔ ذکر اﷲ مجاہد نے کہا کہ اسلام کے نام پر معرض وجود میں آنے والے ملک میں رمضان المبار ک جیسے مقدس مہینے میں شعائر اسلام کے خلاف زہر افشانی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

کچھ ٹی وی چینل رمضان ٹرانسمیشن کے نام پر شیطانی پروگرامات نشر کر رہے ہیں اور فحاشی و عریانی کو فرو غ دینے کا ذریعہ بن رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یوم بدرو یوم الفرقان آپ ﷺ اور آپ ؐ کے صحابہؓ کی طویل اور انتھک جدوجہد کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے ۔ حق و باطل کا معرکہ اور کشمکش ہر دور میں جاری رہی ہے آج بھی بنگلہ دیش ، مصر ، کشمیر ، فلسطین ، شام اور دیگر اسلامی ممالک سمیت دنیا بھر میں مسلمان لا زوال قربانیاں پیش کر رہے ہیں اور یوم بدر ہمیں ا سی ایمان و یقین اور حوصلے کا پیغام دیتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی فضائے بدر پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اﷲ تعالیٰ کی تائید اور مدد مسلمانوں کے شامل حال ہو ۔ ذکر اﷲ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیمراعریانی و فحاشی کو فروغ دینے والے پروگرامات اور غیر اخلاقی اور بے ہودہ نشریات کے خلاف فی الفور کاروائی کرتے ہوئے ان کی نشریات کو بند کرے ۔

متعلقہ عنوان :