صوبہ بھر کے عوام کو علاج کی سہولیات کی فراہمی کیلئے نئے مالی سال کے تخمینہ میں 207ارب 30کروڑ روپے رکھنے کا فیصلہ

جمعہ 24 جون 2016 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کے عوام خصوصا دیہی علاقوں کے لوگوں کو علاج معالجہ کی جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے نئے مالی سال کے تخمینہ میں 207ارب 30کروڑ روپے رکھنے کا فیصلہ کیاہے،اس پروگرام کے تحت 30ارب روپے سے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی-اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پانچ ارب روپے کی لاگت سے صوبہ بھر کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں اور 15بڑے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کو Revamp کیا جائے گا جس سے لوگوں کو ان کی دہلیز پر طبی سہولیات دستیاب ہوں گی جس سے بڑے ہسپتالوں پر دباؤ کم ہوگا -سپشلائزڈ ہیلتھ کئیر کے لئے نئے مالی سال میں24ارب 50کروڑ روپے مختص کئے جا رہے ہیں- اسی طرح حکومت نے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے لئے نئے مالی سال میں14ارب 74کروڑ روپے رکھنے کا اعلان کیاہے- ہیلتھ انشورنس پروگرام کے لئے ایک ارب 50کروڑ روپے رکھے جا رہے ہیں- میو ہسپتال میں سرجیکل ٹاور بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال ، بہاولپور میں کارڈیالوجی اور کارڈیک سرجری بلاک کی تعمیر کے علاوہ چلڈرن ہسپتال ملتان میں اضافی بیڈز کے یونٹ کے قیام کے منصوبے بھی شامل ہیں- مری میں 100بستروں پر مشتمل زچہ بچہ ہسپتال قائم کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :