پنجاب میں اربوں روپے سالانہ کی سرکاری پروکیورمنٹ کے عمل میں اصلاحات کے لئے خصوصی کمیٹی کا قیام

جمعہ 24 جون 2016 17:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء ) صوبہ پنجاب کے سرکاری اور نیم سرکاری محکموں میں سرکاری مشینری کو درکار ضروری ایکو ئپمنٹ، دفتری سازو سامان ، گاڑیاں ، کمپیوٹرز، فرنیچر ، ادویات ، فصلوں کے لئے درکار کیمائی زہروں اور گندم سمیت دیگر زرعی اجناس کی سرکاری طور پر خرید کے لئے سالانہ 800۔ارب سے 900۔ ارب روپے تک مالیت کی شفاف خریداری پر کڑی نظررکھنے پرمامور پنجاب پروکیور منٹ ریگولیٹری اتھارٹی کو زیادہ متحرک بنانے اور جدید انداز کارسے مزین کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کی کنو ینر شپ میں ’’اصلاحات کمیٹی ‘‘ تشکیل دی ہے۔

یہ کمیٹی اپنی سفارشات اگلے دس دن میں پنجاب پروکیور منٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے چئیرمین چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید کو پیش کرے گی ۔

(جاری ہے)

اس خصوصی کمیٹی میں پنجاب پروکیور منٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے مینجنگ ڈائر یکٹر علی بہادر قاضی کو بطور سیکرٹری کمیٹی شامل کیا گیا ہے ۔ جبکہ سپیشل سیکرٹری فنانس اور پنجاب پروکیور منٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے کنسلٹنٹ اس کمیٹی کے ممبر ہو ں گے ۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کی کنو ینر شپ میں ’’اصلاحات کمیٹی ‘‘ کا پہلا اجلاس سول سیکرٹریٹ لاہور میں منعقد ہوا جس میں ایم ڈی پنجاب پروکیور منٹ ریگولیٹری اتھارٹی علی بہادر قاضی، کنسلٹنٹ سہیل اسد ، کنسلٹنٹ علی فیصل ، ڈائریکٹر پیپرا خالد محمود سندھو اور ایڈیشنل سیکرٹری فنانس ڈیپارٹمنٹ عبدالصمد نے شرکت کی ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یہ کمیٹی دسمبر 2016تک ماہانہ بنیادوں پر پنجاب پروکیور منٹ ریگولیٹری اتھارٹی کا ایکشن پلان وضع کرکے اس میں پیش رفت کے بارے میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہر ماہ آگا ہ رکھے گی اور نیشنل پروکیورمنٹ سسٹم کے بارے میں مناسب ترین میتھڈالوجی بھی وضع کرے گی تاکہ سرکاری محکموں میں اربوں روپے سالانہ کی خریداری کاعمل دنیا میں رائج بہترین پریکٹسزکے مطابق بنایا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :