جمعتہ الوداع کو ملک بھر میں ’’یوم تحفظ ارض حرمین الشریفین والاقصیٰ‘‘منایا جائے گا‘طاہر محمودا شرفی

شام سے عراقاور فلسطین سے کشمیر تک کے مسائل کا حل وحدت امت سے ہی ممکن ہے‘مرکزی چیئرمین پاکستان علماء کونسل

جمعہ 24 جون 2016 17:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء ) امت مسلمہ کا زوال قرآن وسنت کا راستہ ترک کرنے کی وجہ سے ہے، جمعۃ الوداع کو ملک بھر میں ’’یوم تحفظ ارض حرمین الشریفین والاقصیٰ‘‘منایا جائے گا، شام سے عراقاور فلسطین سے کشمیر تک کے مسائل کا حل وحدت امت سے ہی ممکن ہے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامع مسجد دارالعلوم حنفیہ لبرٹی مارکیٹ لاہور میں ’’وحدت امت کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ انتہاپسندی ،دہشتگردی اور فرقہ وارانہ تشدد کی وجہ سے مسلمانوں کے مسائل حل نہ ہونا ہے۔ اسلام امن،محبت ،رواداری کا درس دیتا ہے اور تمام ٓسمانی مذاہب کے احترام کا درس دیتا ہے ۔

(جاری ہے)

آج اسلام کے نام پر جو فتنے مسلمانوں پر مسلط ہونے کی کوشش کررہے ہیں اسلام کا ان جدید فتنوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی قوت کو کمزور کرنے کیلئے لیبیاء،عراق،شام،پر حملے کئے گئے ۔

آج شام اور عراق کے لاکھوں مسلمان مہاجربن چکے ہیں ۔بشار الاسد جیسے ظالم کو بچانے کیلئے روس صبح شام شامیوں پر بمباری کررہا ہے ۔عالم اسلام اور انسانی حقوق کے اداروں کو شام ،عراق میں ہونے والے مظالم پر آواز بلند کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب اور ترکی میں عرق اور شام جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔سعودی عرب اور پاکستان کے ہمسایہ ممالک میں تشدد پسند تحریکوں کو اٹھایا جارہا ہے ۔

ان حالات میں اسلامی سربراہی کانفرنس اور مسلم قائدین کو اپنا کردار اداکرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کے بعد اب بحرین میں مسلح جدوجہد کے اعلانات پورے عالم اسلام کیلئے لمحہ فکریہ ہیں ۔مسلم امہ کو عزم کرنا ہوگا کہ اب کسی اسلامی ملک کو شام ،عراق نہیں بننے دیا جائے گا اور طاغوتی طاقتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہوکر کر مقابلہ کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ جمعۃ الوداع کو ’’یوم تحفظ ارض حرمین الشریفین والاقصیٰ ملک بھر میں تمام مکاتب فکر منائیں گے۔

متعلقہ عنوان :