حالیہ واقعات کراچی کا امن تباہ کرنے کی کوشش ہیں،قیام امن کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا ،سید خورشید احمد شاہ

موجودہ واقعات کا جائزہ لیکر مستقبل کے پرامن کراچی کیلئے طویل المدت پالیسی مرتب کرنا ہوگی،امجد صابری کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 24 جون 2016 17:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ حالیہ واقعات کراچی کا امن تباہ کرنے کی کوشش ہیں ۔امجد صابری کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری حکومت اور سکیورٹی اداروں کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے ۔اداروں کو مربوط اشتراک سے ملزمان کو گرفتار کرنا ہوگا ۔

شہر قائد میں مستقل بنیادوں پر قیام امن کے لیے حکومت ،اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو لیاقت آباد میں معروف قوال امجد صابری کی رہائش گاہ پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔خورشید شاہ نے امجد صابری کے بھائی ثروت صابری سے ملاقات کی اور فاتحہ خوانی کی اور دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ کراچی پرامن شہر بن رہا تھا لیکن حالیہ واقعات کراچی کے امن کو تباہ کرنے کی سازش ہیں اور ان واقعات کے باعث امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا ہے ۔امجد صابری ایک سچے عاشق رسول ﷺ تھے ۔انہوں نے دین اسلام کی بہت خدمت کی ۔ان کی شہادت قوم کے لیے بہت بڑا نقصان ہے ۔امجد صابری نے پوری دنیا میں امن اور محبت پیغام پہنچایا ۔

انہوں نے کہا کہ امن کا قیام حکومت کی ذمہ داری ہے اور قاتلوں کو پکڑنا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔حکومت سندھ امجد صابری کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھرپور کوشش کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور سکیورٹی اداروں کو چاہیے کہ وہ باہمی اشتراک سے امجد صابری کے قتل میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کریں ۔یہ کیس ان کے لیے ایک چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے ۔

خورشید شاہ نے کہا کہ کراچی میں مستقبل بنیادوں پر قیام امن کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ بھی دہشت گردی اور امن و امان کی صورت حال خراب کرنے میں ملوث ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے اور ان کو قانون کے مطابق سخت سزائیں ملنی چاہئیں ۔سید خورشید شاہ نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ کے صاحبزادے کے اغوا کے واقعہ پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے صاحبزادے کی بازیابی بھی جلد از جلد ہونی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور سکیورٹی اداروں کو اس بات کا جائزہ لینا ہوگا کہ ان واقعات کے پیچھے کیا محرکات ہیں ۔موجودہ واقعات کا جائزہ لے کر مستقبل کے پرامن کراچی کے لیے طویل المدت پالیسی مرتب کرنا ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ الزامات سے مسائل حل نہیں ہوتے ۔سب کو مل کر امن کے لیے کام کرنا چاہیے ۔خورشید شاہ نے امجد صابری کی خدمات پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔اپوزیشن لیڈر نے واضح کیا کہ کراچی میں قیام امن کے لیے حکومت سندھ سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گی ۔