پُٹھی بات کرتے ہیں،میڈم اسپیکر ،420یہ حکومت کا کام ہے ، پنجاب اسمبلی کا اجلاس کشت زعفران بنا رہا

جمعہ 24 جون 2016 16:58

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں مطالبات زر کی منظوری کے دوران دلچسپ جملوں نے ماحول کو کشت زعفران بنا دیا ۔ اپوزیشن رکن میاں اسلم اقبال میڈیم وزیر خزانہ کہتے ہوئے غلطی سے میڈم اسپیکر کہہ گئے جس پر اسپیکر رانا اقبال نے کہا کہ ،میڈیم اسپیکر ۔۔اللہ کا شکر ہے میں میڈم نہیں ہوں جس کے جواب میں میاں اسلم اقبال نے کہا کہ آپ جس عمر میں پہنچ گئے ہیں فرق نہیں رہندا۔

آپکے مرتبے اور رتبے کی وجہ سے بات نہیں کر سکتے ۔آپ سمجھ تو گئے ہوں گے جس پر اسپیکر نے کہا کہ تُسی وی سمجھ گئے ہووں گے ۔ ایک موقع پر میاں اسلم اقبال نے کٹوتی کی تحریک پر بحث کے دوران 50420کی رقم پڑھی تو اسپیکر نے 50420بارے استفسار کیا تو میاں اسلم اقبال نے کہا کہ جی 420جو حکومت کا کام ہے جس پر اسپیکر نے کہا ” پُٹھی بات کرتے ہیں “ ۔

(جاری ہے)

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ اللہ کی طرف سے 420لکھا ہوا آ گیا ہے اور آ پ نے بھی اس پر بات کر دی ہے ۔

سرکاری ملازمین کے قرضہ جات کی مد میں ایک ہزار روپے کے مطالبہ زر کی منظوری کے موقع پر اسپیکر نے اپوزیشن سے کہا کہ اسے متفقہ منظور کر لیں جس پر اپوزیشن نے ” ناں ‘ ‘ کی آواز بلند کی جس پر اسپیکر نے کہا کہ دل بڑا کریں ، مجھ سے ایک ہزار روپے لے لیں تاہم اپوزیشن نے مطالبہ زر کی مخالفت کی ۔اس دوران حکومتی اور اپوزیشن بنچوں پر بیٹھے اراکین محظوظ ہوتے رہے ۔

متعلقہ عنوان :