سکھ یاتری جنم استھان ننکانہ صاحب یاتر ا کے بعد گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال چلے گئے

جمعہ 24 جون 2016 15:38

لاہور۔24 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 جون۔2016ء) مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کے موقع پر بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری جنم استھان ننکانہ صاحب یاتر ا کے بعد سخت سیکورٹی میں گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال چلے گئے، اس موقع پر جتھ لیڈر سردار گور میت سنگھ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہا ں پر ہماری مہمان نوازی کے لیے سیکورٹی سمیت تمام تر انتظامات بہتر انداز میں کیے گئے ہیں جبکہ ہمیں ٹرانسپورٹ ،رہائش ،میڈیکل سمیت تمام تر سہولیات میسر ہیں جس پر ہم چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاروق کے بے حد شکر گزار ہیں ۔

پاکستان میں آکر ہمیں بہت زیادہ خوشی ہوئی ،ہمارے گورو دواروں کی دیکھ بھال پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کے بے حد شکر گزار ہیں ۔

(جاری ہے)

مذہبی رسومات کے لیے پاکستان آئے ہوئے یاتری آج گورو دوارہ پنجہ صاحب میں اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے ،جبکہ کل 26جون کو گورو دوارہ ڈیرہ صاحب لاہور پہنچیں گے جہاں پر قیام کے دوران یاتری گورو دوارہ دربار صاحب کرتار پور ،ناروال اور گورو دوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد کا دورہ کریں گے جبکہ مرکزی تقریب بھو گ کھنڈ پاٹھ صاحب گورو دوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں 29جون کو ہو گی جس کے بعد سکھ یاتری 30جون کو بذریعہ واہگہ ریلوے سٹیشن واپس بھارت لوٹ جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :