پشاور، بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے واپڈا ہاؤس پر دھاوا بول دیا

جمعہ 24 جون 2016 15:26

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جون ۔2016ء) پشاورمیں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے واپڈا ہاؤس پر دھاوا بول دیا‘ پتھراؤ سے گیٹ پر نصب سی سی ٹی وی کیمرہ ٹوٹ گیا ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو پشاور میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا میٹر شارٹ کر دیا۔ جمعہ کو بشیر آباد اور اس سے ملحقہ علاقے کے لوگ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے واپڈا ہاؤس کا گھیراوٴ کرلیا اور گیٹ پر پتھراؤ کیا جس سے گیٹ پر نصب سی سی ٹی وی کیمرہ ٹوٹ گیا۔ اس دوران مظاہرین آپس میں ہی الجھ پڑے اور ہنگامہ آرائی شروع کر دی۔ مظاہرین کے مطابق اٹھارہ سے بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے رمضان میں ان کا جینا عذاب کر دیا ہے ، واپڈا حکام کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کم کرنے کی یقین دہانی پر مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔