ایان علی کیس ، سندھ ہائیکورٹ کو سیکرٹری داخلہ کیخلاف حکم جاری کرنے سے روک دیا گیا

جمعہ 24 جون 2016 15:26

ایان علی کیس ، سندھ ہائیکورٹ کو سیکرٹری داخلہ کیخلاف حکم جاری کرنے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جون ۔2016ء) سپریم کورٹ نے کرنسی سمگلنگ کیس کی ملزمہ ایان علی سے متعلق توہین عدالت کیس میں سندھ ہائی کورٹ کو کوئی بھی حکم جاری کرنے سے عبوری طور پر روکتے ہوئے کیس کی سماعت ایک ہفتہ تک کے لئے ملتوی کردی۔ جمعہ کو سپریم کورٹ میں سیکرٹری داخلہ کی طرف سے سندھ ہائی کورٹ میں ماڈل ایان علی کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست کے خلاف دائر کی گئی اپیل کی سماعت ہوئی۔

جسٹس شیخ عظمت سعید نے گزشتہ روز کی کارروائی کا فیصلہ اپنے چیمبر میں لکھوایا۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ سندھ ہائی کورٹ کو توہین عدالت کے مقدمے میں سیکرٹری داخلہ کیخلاف کوئی بھی حکم جاری کرنے سے روک دیا ۔ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سیکرٹری داخلہ کی اپیل اور متفرق درخواست کو آئندہ ہفتے میں سنا جائے گا۔ واضح رہے کہ سندھ ہائیکورٹ میں ماڈل ایان علی کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست کیخلاف سیکرٹری داخلہ نے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے جمعرات کو اپیل پر ابتدائی سماعت کی تھی اور اس دوران وکلاء کی نوک جھونک پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ چیمبر میں تحریر کرانے کا حکم دیا تھا۔