انتشار اور فساد کی سیاست کرنیوالے ایک دفعہ پھر ناکام ہوں گے ،سنیٹر پرویز رشید

جمعہ 24 جون 2016 15:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جون ۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ احتساب کا نعرہ بدلہ لینے کے لئے لگایا جارہا ہے‘ سڑکوں پر انتشار پھیلا کر ایک مرتبہ پھر ملکی ترقی کا پہیہ روکنے کی کوشش کی جارہی ہے‘ انتشار اور فساد کی سیاست کرنیوالے ایک دفعہ پھر ناکام ہوں گے اگلے سال کے آخرتک دس سے بارہ ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں آجائے گی، 2018میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔

وہ جمعہ کو راولپنڈی پریس کلب میں سحری کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ پرویز رشید نے کہا کہ تقریب میں مدعو کرنے پر صحافی برادری کا شکرگزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان مبارک میں ایسی تقریبات کا انعقاداچھی روایت ہے ‘پاکستان کی ترقی میں صحافت کا کلیدی کردار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دور آمریت میں جمہوریت کی طرح صحافت بھی پابندسلاسل رہی‘ سیاستدانوں اورصحافیوں نے یکساں جدوجہد سے آزادی حاصل کی۔

پرویز رشید نے کہا کہ الحمداللہ اب پاکستان میں جمہوریت اور صحافت آزاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دور آمریت میں پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا دورآمریت میں ہی پاکستان دولخت ہوا۔ وزیراطلاعات پرویزرشید نے کہا کہ جمہوریت اور صحافت لازم و ملزوم ہیں جمہوریت اور صحافت کی آزادی سے ملکی ترقی شروع ہوئی‘ آزاد صحافت اور مضبوط جمہوریت سے عوام میں امید کی کرن پیداہوئی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل صرف اور صرف جمہوری نظام حکومت میں ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 2017کے آخر تک بجلی کے کارخانے کام شروع کردیں گے توانائی بحران کے خاتمے سے ترقی کا پہیہ چلنے لگے گا توانائی بحران پر قابو پانے سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملکی تاریخ کے ریکارڈ توانائی منصوبے شروع کئے 2017تک 10سے 12ہزارمیگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائیگی۔

انہوں نے کہا کہ 6سے7ہزارمیگاواٹ سستی بجلی نظام میں شامل ہوگی:وزیراطلاعات نے کہا کہ نئے توانائی منصوبوں سے پیداہونے والی بجلی سستی ہوگی۔سستی بجلی سے بلوں میں کمی آئے گی ،عوام کو فائدہ ہوگا۔توانائی بحران پر قابو پانے سے مہنگائی کم سے کم سطح پرآجائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے عمل کو روکنے سے پاکستان کا نقصان ہوگا ترقی کا عمل رکنے سے عوام کی امیدیں دم توڑ جائیں گی انہوں نے کہا کہ ترقی کا عمل روکنے کی کوشش کرنیوالے عناصرمسلم لیگ ن کی مقبولیت سے خائف ہیں ترقی کا عمل روکنے کی کوشش کرنے والے پاکستان کے خیرخواہ نہیں ‘رکاوٹیں وہ لوگ کھڑی کررہے ہیں جنہیں الیکشن میں اپنی شکست کاخوف ہے ۔

پرویزرشید نے کہا کہ سڑکوں پر آنے کی بجائے آئندہ انتخابات میں عوام کے پاس جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں الزامات اورخدمات کی سیاست کافیصلہ ہو گا‘ 2018کے انتخابات میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائیگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ احتساب کے نعرے سیاسی انتقام کیلئے لگائے جاتے رہے ہیں الیکشن میں تھوڑا وقت ہے ،انتشار پھیلانے والے صبرکریں2018میں مخالفین شکایات اورہم کامیابیوں کی فہرست کیساتھ عوامی عدالت میں جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کے نعرے لگانے والوں کو عوام پر اعتماد نہیں ہے آئندہ نسل کا بہترمستقبل جمہوری نظام اور ترقی یافتہ پاکستان میں مضمرہے۔

متعلقہ عنوان :