سپریم کورٹ نے کسان کھاد سبسڈی پیکج سے متعلق نجی کمپنیوں کی توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی

جمعہ 24 جون 2016 15:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 جون ۔2016ء) سپریم کورٹ نے کسان کھاد سبسڈی پیکج سے متعلق نجی کمپنیوں کی توہین عدالت کی درخواست نمٹاتے ہوئے کمپنیوں کی سبسڈی کی مد میں معاونت کا حکم دیدیا‘ عدالت نے قرار دیا کہ آئندہ کیمیائی تجزیہ پشاور‘ لاہور اور کراچی کی لیبارٹریز سے کرایا جائے۔ جمعہ کو سپریم کورٹ میں کسان کھاد سبسڈی پیکج سے متعلق توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران نجی کھاد کمپنی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم کے بعد حکومت ہماری کھاد کا کیمیکل ٹیسٹ کرانا چاہتی ہے۔ ہماری کھاد کے معیار کا ٹیسٹ پہلے ہی ہوچکا ہے۔ ہماری کھاد کے معیار کے کیمیکل ٹیسٹ کو حکومت نے کہیں بھی چیلنج نہیں کیا جس پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ حکومت نے عوام کے پیسے کی تقسیم میں بہت فراخدلی دکھائی، حکومت من پسند کھاد کمپنیوں کو سبسڈی دے رہی ہے،حکومت نے اپنے انداز پر غور نہیں کیا۔

(جاری ہے)

سبسڈی کا پیسہ حکومت کا نہیں عوام کا ہے۔ حکومت اپنا کام ٹھیک سے نہیں کرتی اور سمجھتی ہے کہ اس کی بادشاہت ہے۔ حکومتی وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اگر معیار ٹھیک ہوا تو حکومت مالی معاونت کرے گی تین کھاد کمپنیوں کی کھاد کے معیار کے ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔ عدالت عظمیٰ نے توہین عدالت کی درخواست نمٹاتے ہوئے آئندہ کے لئے تمام نجی کمپنیوں کے کھاد کے معیار کا کیمیائی تجزیہ کرانے کا حکم دیا اور سبسڈی کی مد میں معاونت کرنے کا حکم دیا۔ عدالتی حکم میں کہا گیا کہ آئندہ کیمیائی تجزیہ پشاور‘ لاہور اور کراچی کی لیبارٹریوں سے کرایاجائے۔

متعلقہ عنوان :