Live Updates

وزیر اعظم کے خلاف ریفرنس دائر کرنا پی ٹی آئی کا حق ہے ،فیصلے کو بھی قبول کرنا چاہیے‘ رانا ثناء اللہ

جمعہ 24 جون 2016 15:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء ) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے خلاف ریفرنس دائر کرنا پی ٹی آئی کا حق ہے لیکن پھر انہیں فیصلے کو بھی قبول کرنا چاہیے ،بجٹ کو لفظوں کا گورکھ دھندہ قرار دینا اپو زیشن کی روایت بن چکی ہے لیکن آئندہ مالی سال کا بجٹ ترقی اور عوامی شمولیت کی نئی جہت کو لے کر آئے گا، قندیل بلوچ اور مفتی عبدالقوی دونوں حق پر ہیں ، انہیں چاہیے کہ اب حق کر لیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پنجاب کے بجٹ میں مختلف طبقات ، تعلیم اور صحت جیسے بنیادی مسائل کو فوکس کیا گیا ہے ، یہ بجٹ ترقی اور عوامی شمولیت کی نئی جہت کو لے کر آئے گا، تمام جا ری ترقیاتی منصوبے مکمل ہو ہو ں گے ، یہ اپو زیشن کا روایت بن چکی ہے کہ وہ حکومت کے ہر بجٹ کو لفظوں کا گورکھ دھندہ قرار دیتی ہے ، بجٹ میں تمام اعدادوشمار موجودد ہیں اگر ا س میں کچھ جھوٹ ہے تو وہ ثابت کیا جا سکتا ہے لیکن آج تک اپوزیشن ایک لفظ بھی جھوٹا ثابت نہیں کر سکی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مو جو دہ حکومت نے پسے ہو ئے افراد کے بہترمستقبل کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی کی ہے جس میں بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو تعلیم کی جانب راغب کرنا بھی شامل ہے ، اس میں ان کے والدین کو اعزازی مشاہرہ بھی دیا جا رہا ہے ، اس سے پہلے کسی کو توفیق تک نہیں ہوئی ، اپو زیشن صرف حکومت مخالف نعرے لگانا جانتی ہے ۔وزیر اعظم کے خلاف ریفرنس دائر کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ریفرنس دائر کرنا ہر کسی کا حق ہے ، اگر پی ٹی آئی قانون کا راستہ اختیار کر تے ہوئے ریفرنس دائر کرنا چاہتی ہے تو یہ ان کا حق ہے ، لیکن وہ یہ کام کرنے جا رہی ہے تو پھر اسے قانون اور آئین کا احترام بھی کرنا چاہیے ، افراتفری اور انتشار سے اجتناب کرنا چاہیے ، پاکستان مسلم لیگ (ن) اس ریفرنس کا مکمل طورپر مقابلہ کر ے گی لیکن پی ٹی آئی کو چاہیے کہ جو بھی فیصلہ آئے اسے تسلیم کرے ، فیصلہ ان کے خلاف آجائے تو یہ شور مچانا شروع کر دیتے ہیں ، پھر یہ عدلیہ کو اور اس سارے نظام کو ہی جھوٹاقرار دینے لگ جا تے ہیں ، پی ٹی آئی کو یہ رویہ ترک کر دینا چاہیے ۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قندیل بلوچ اور مفتی عبدالقوی دونوں ہی حق پر ہیں اور اب ان کو حق کر لینا چاہیے ، وہ علماء ونگ کے صدر رہے ہیں اور قندیل بلوچ نے ان کو اسی لیے اپروچ کیا تھا تاکہ وہ قندیل بلوچ کی پی ٹی آئی کی قیادت کے ساتھ بندھی ہوئی امید پو ری کروا سکیں ، اور ان کا راستہ بنا سکیں ۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ رائل پام زمین پر قبضے کے معاملے کی تفصیلات کا مجھے علم نہیں لیکن اس معاملے میں حکومت پنجاب لیگل پوزیشن پر محکمہ ریلوے کے ساتھ کھڑی ہے اور عدالتی حکم جو بھی ہو گا اس کی پابندی ہو گی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات