پیپلز پارٹی ورکرز کے زیر اہتمام بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کے سلسلہ میں کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد

جمعہ 24 جون 2016 15:01

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے زیر اہتمام سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی 63ویں سالگرہ کے سلسلہ میں کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ وحد ت روڈ پر منعقدہ تقریب میں مرکزی رہنما سردار حُر بخاری ، ساجدہ میر ،چوہدری اسلم ، رائے قیصر،سلیم خان ،آصف سمرا، نعمان چوہدری اور وسیم خان سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار حُر بخاری نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید نے اپنے خون کا نذرانہ دے کر جمہوریت کے پودے کی آبیاری کی ہے اور پیپلز پارٹی کے جیالے اپنی شہید قائد کے مشن کی تکمیل کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید اور بی بی شہید نے غریب عوام کو زبان دی اور ہمیشہ انکے حقوق کی بات کی لیکن بد قسمتی سے پیپلز پارٹی کے کرتا دھرتا نام نہاد لیڈر غریب کی بجائے اپنے لئے آواز بلند کر رہے ہیں جس کا پیپلز پارٹی کو خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

سردار حُر بخاری نے کہا کہ پارٹی کے جیالے ڈاکٹر صفدر عباسی اور ناہید خان کی قیادت میں پیپلز پارٹی کو ا س کا اصل مقام دلانے کے لئے کوشاں ہیں اور عید الفطر کے بعد انشا اللہ بڑے بڑے سر پرائز دیں گے ۔ تقریب میں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ دینے والوں اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعابھی کرائی گئی ۔