معدنیات کے بلاکس کے ٹھیکوں کی نیلامی کیلئے آئندہ بولی کی ریزرو پرائس مقرر کی جائے گی ‘چوہدری شیرعلی خان

جمعہ 24 جون 2016 15:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء)صوبائی وزیر معدنیات و کان کنی چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ چائنہ پاکستان اقتصادی راہد اری منصوبوں ،موٹر ویز ،میٹرو بس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین جیسے میگا پراجیکٹس کی تعمیر سے صوبہ پنجاب کی معدنیات خاص طور پرسینڈگریول ، سینڈسٹون اور ریت کی طلب میں اضافے کی وجہ سے قیمتوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جس سے حکومت کے ریونیو میں بھی بھر پور اضافہ کی امید ہے ، ریزرو پرائس مقرر کرنے کے فیصلے سے رائٹ آف سرنڈر جیسے مسائل کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی ،صوبہ پنجاب سے نکالی جانے والی معدنیات خاص طور پر ریت ،سینڈگریول اور سینڈسٹون کے بلاکس کے ٹھیکوں کی نیلامی کے لئے آئندہ بولی کی ریزو پرائس مقرر کی جائے گی تاکہ معدنیات کے ٹھیکوں سے زیادہ سے زیادہ آمدنی حاصل کی جاسکے اور کسی بھی مرحلے پر بوجہ ان ٹھیکوں کی منسوخی کے رحجان کی حوصلہ شکنی ممکن بنائے جا سکے ،محکمہ معد نیات پنجاب نے ریت کے بلاکس کی نیلامی کے ذریعے ریت کے ٹھیکے گذشتہ سال کی نسبت دو سو فیصد زیادہ ریونیو کے ساتھ 71کروڑ روپے جبکہ سینڈ سٹون کے ٹھیکے ایک ارب روپے سے زائدمیں نیلام ہوئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات کیبنٹ کمیٹی برائے مائنزکے لئے قائم سیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی -وزیرصنعت چوہدری محمد شفیق ،وزیر ایکسائز مجتبی شجاع الرحمن ،سیکرٹری معدنیات ڈاکٹر ارشدمحمود ، سپیشل سیکرٹری فنانس ،ایڈیشنل سیکرٹری معدنیات راجہ خرم شہزاد ، ڈی سی او زراولپنڈی اور سرگودھا ،ایڈیشنل سیکرٹری انڈسٹریز ،ایڈیشنل سیکرٹری ماحولیات اور محکمہ معدنیا ت وکان کنی کے متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی - اجلاس میں معدنیات کی ریزرو پرائس کے تعین کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر بحث آئیں ۔

وزیر معدنیات نے چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ ریت، سینڈ گریول اور سینڈ سٹون و دیگر معدنیات کے ٹھیکوں کی بولی کے لئے ریزوپرائس مقرر کرنے سے امید ہے کہ ریت کے 80بلاکس کی نیلامی سے ایک ارب روپے سے زائد ریونیو حاصل ہو گا -انہوں نے کہا کہ ماضی میں معدنیات کی ریزو پرائس مقرر نہ کئے جانے سے حکومت کو مالی نقصان برداشت کرنا پڑتا تھا تاہم اس حوالے سے نئی قانون سازی کے ذریعے اب تمام معدنیات کی بولی سے قبل ریزو پرائس مقرر کیا جانا لازی قرار دیا جائے گا -انہوں نے کہا کہ ریت کے 80بلاکس جبکہ مارگلہ کے 53 بلاکس کی ریزوپرائس ان معدنیات کے معیار ،صلاحیت اور گنجائش کے مطابق مقرر کی جا رہی ہے ۔