پاکستان چین کو چاول برآمد کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے ‘ چینی وزیر زراعت

جمعہ 24 جون 2016 14:55

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 جون ۔2016ء) چینی وزیر زراعت لی اینپنگ نے کہا ہے کہ پاکستان چین کو چاول برآمد کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے، حلال خوراک اور بالخصوص آم کی برآمد میں اضافے کے حوالے سے ہمیں ہر موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے ۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کو لائیو سٹاک سمیت کوارنٹائن اور زراعت کے شعبوں میں تعلقات مزید بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ گوشت اور دوسری زرعی اجناس کی ضروریات کو پورا کر کے تجارتی حجم میں اضافہ سے ملکی معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ زرعی شعبے سمیت دیگر شعبوں میں تجارتی حجم کو بڑھانے کا خواہاں ہے اور چاہتا ہے کہ پاکستان اس کی بنیادی ضروریات کو پورا کرے اور حلال کھانوں میں پاکستانی اشیاء کی برآمد میں اضافہ ہو۔

(جاری ہے)

لی اینپنگ نے دیگر جنوبی ایشیائی ممالک سے بھی زرعی تجارت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبے کی بہتری سے ہی زرعی تجارت کو بڑھایا جا سکتا ہے لہذا زراعت کی بہتری پر توجہ دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ چین دیگر جنوبی ایشیائی ممالک سے بھی مختلف اجناس برآمد کرتا ہے جنکی کوالٹی اور قیمت کو مدنظر رکھا جاتا ہے تاکہ ملک کو فائدہ ہو، ہم تمام جنوبی ایشیائی ممالک سے بہتر اور اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں تاکہ تجارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو۔

متعلقہ عنوان :