تحریک انصاف نے وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے لئے الیکشن کمیشن میں پٹیشن جمع کرادی

جمعہ 24 جون 2016 14:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء) تحریک انصاف نے وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے لئے الیکشن کمیشن میں پٹیشن جمع کرادی ۔ جمعہ کو تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد کی سربراہی میں ایک وفد الیکشن کمیشن پہنچا جہاں انہیں داخلے سے روک دیا گیا تاہم بات چیت کے لئے وفد کو الیکشن کمیشن میں جانے کی اجازت دے دی گئی جس کے بعد یاسمین راشد نے وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے لئے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو پٹیشن جمع کرادی۔

تحریک انصاف کی پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیراعظم نواز شریف نے الیکشن کمیشن کو اپنے اثاثوں کے حوالے سے گمراہ کیا اور درست اثاثے ظاہر نہیں کئے اس لئے انہیں نااہل قرار دیا جائے۔تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد کے ہمراہ عندلیب عباس، نعیم الحق اور سیف اللہ نیازی بھی تھے جن کا بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم کی نااہلی کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں اگر الیکشن کمیشن انصاف پر مبنی فیصلہ کرے تو وزیراعظم نااہل ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان تحریک انصاف نعیم الحق کا اس موقع پر کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے 4 ممبران کا تقرر اب تک نہیں ہوا، الیکشن کمیشن کے ممبران کا جلد تقرر کیا جائے اور امید ہے جلد ہی ممبران کی تعیناتی کا عمل مکمل ہو کر وزیراعظم کی نااہلی کی درخواست پر کارروائی ہو گی۔