سپریم کورٹ نے سندھ ہائیکورٹ کو ایان علی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے پر سیکرٹری داخلہ کیخلاف کوئی بھی حکم جاری کرنے سے روک دیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 24 جون 2016 14:19

سپریم کورٹ نے سندھ ہائیکورٹ کو ایان علی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24جون۔2016ء) سپریم کورٹ نے سندھ ہائیکورٹ کو ایان علی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے پر سیکرٹری داخلہ کیخلاف کوئی بھی حکم جاری کرنے سے روک دیا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ میں ماڈل ایان علی کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست کیخلاف سیکرٹری داخلہ نے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے گزشتہ روز اپیل پر ابتدائی سماعت کی ، وکلاءکی نوک جھونک پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ چیمبر میں تحریر کرانے کا حکم دیا تھا۔

جسٹس شیخ عظمت سعید نے گزشتہ روز کی کارروائی کا فیصلہ آج اپنے چیمبر میں لکھوایا۔ سپریم کورٹ سندھ ہائی کورٹ کو توہین عدالت کے مقدمے میں سیکرٹری داخلہ کیخلاف کوئی بھی حکم جاری کرنے سے روک دیا ہے۔

(جاری ہے)

سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سیکرٹری داخلہ کی اپیل اور متفرق درخواست کو آئندہ ہفتے میں سنا جائے گا۔ دوسری جانب ایان علی نے تیسری مرتبہ ای سی ایل میں نام شامل کرنے کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کے فیصلوں کے باوجود تیسری مرتبہ ای سی ایل میں نام شامل کیا گیا ہے۔ ای سی ایل میں نام شامل کرنے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ میری توہین عدالت کی درخواست بھی زیر سماعت ہے اور استدعا کی گئی کہ اس کی سماعت منگل کو کی جائے۔