Live Updates

تحریک انصاف نے وزیر اعظم کیخلاف اثاثے چھپانے کے الزام میں نااہلی کا ریفرنس دائر کر دیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 24 جون 2016 13:01

تحریک انصاف نے وزیر اعظم کیخلاف اثاثے چھپانے کے الزام میں نااہلی کا ..

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24جون۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کیخلاف اثاثے چھپانے کے الزام میں نااہلی کا ریفرنس دائر کر دیا گیا ہے ، ریفرنس پی ٹی آئی کی رہنما یاسمین راشد کی جانب سے دائر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا کہ ہمارے پاس اس بات کے ثبوت ہیں کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے اپنے اثاثے چھپائے جو الیکشن کمیشن کے قوانین کی خلاف ورزی ہے اس لئے انہیں فوری طور پر نا اہل قرار دیا جانا چاہیئے۔

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اس حوالے سے ٹھوس ثبوت موجود ہیں کہ وزیر اعظم کتنے اثاثوں کے مالک ہیں ، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اس بارے میں جلد ہی ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کریں گے جس میں مستقبل کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یاسمین راشد نے کہا کہ انہیں امید ہے الیکشن کمیشن اس معاملے میں انصاف کرے گا۔

یاسمین راشد، نعیم الحق، عندلیب عباس اور دیگر نے وفد کی شکل میں الیکشن کمیشن آکر ریفرنس جمع کرایا۔ نعیم الحق نے مزیدکہا کہ ریفرنس پانامہ لیکس پر آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت دائر کیا گیا ہے، امید ہے کہ چیف الیکشن کمشنر پٹیشن پر جلد از جلد کارروائی کرینگے۔نعیم الحق کا کہنا تھا کہ ابھی قانونی محاذ کھول رہے ہیں، سڑکوں پر عید کے بعد آئیں گے اور جلسوں کے ذریعے رابطہ عوام مہم کا آغاز ہوگا، رائیونڈ دھرنا آخری آپشن ہوگا،پہلے دیگر راستے آزمائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اے این پی نے سڑکوں پر آنے سے انکار کیا ہے تو ہمیں بھی جلدی نہیں سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :