جزیدہ نما کوریا میں کشیدگی میں اضافے کا سبب بننے والے اقدامات سے گریز کیا جائے ، چینی وزارت خارجہ

بدھ 22 جون 2016 22:35

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 جون ۔2016ء)چین نے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ ایسے اقدامات اٹھانے سے گریز کیا جائے جو جزیدہ نما کوریا میں کشیدگی میں اضافے کا سبب بنیں ۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چیننگ نے بدھ کو پریس بریفنگ میں کہا کہ جزیرہ نما کوریا کی سنجیدہ اور حساس صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ فریقین ایسے اقدامات اٹھانے سے گریز کریں جو کشیدگی میں اضافے کا سبب بنیں۔

علاقائی سلامتی اور استحکام کے لئے مشترکہ کاوشیں کرنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

جزیرہ نما کوریا کے جوہری معاملے کی جڑیں کافی پیچیدہ ہیں جسے حل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں ۔ خطے میں امن اور استحکام تمام متعلقہ فریقین کے مفاد میں ہے جس کے لئے مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں ۔ ہم اپنا موقف عالمی برادری پر واضح کر چکے ہیں ۔ واضح رہے کہ چینی وزارت خارجہ کی جانب سے یہ بیان شمالی کوریا کی جانب سے مشتبہ طور پر حال ہی میں دو نئے میزائل تجربات کے ردعمل میں دیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین اور شمالی کوریا کے مابین اچھے تعلقات وقت کی ضرورت ہیں ۔