وزیراعظم سے مسلم لیگ (ن)کے رہنماؤں سردار مہتاب احمد اور پیر صابر شاہ کی ملاقات، کامیاب آپریشن پر مبارکباد اور جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار،ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال پربھی تبادلہ خیال

آپریشن کے بعد صحت تیزی سے بہتر ہورہی ہے، جلد وطن واپس جانا چاہتا ہوں، آئندہ ہفتے چیک اپ کراؤں گا،وطن واپسی کا فیصلہ ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق کرونگا، نواز شریف کی سابق گورنر خیبرپختونخوا اور مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدرسے ملاقات میں گفتگو و زیراعظم نواز شریف سے سیکرٹری فواد حسن فواد کی بھی ملاقات ،اہم فائل ورکس سے متعلق امورپر غور

بدھ 22 جون 2016 22:28

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جون ۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف سے سابق گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی و مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر پیر صابر شاہ نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران سردار مہتاب احمد خان اور پیر صابر شاہ نے دل کے کامیاب آپریشن پر وزیراعظم کو مبارکباد دی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

سردار مہتاب احمد خان نے وزیراعظم کو کے پی کے میں پارٹی کی تنظیم نو سمیت دیگر امور سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ آپریشن کے بعد میری طبیعت میں کافی بہتری آئی ہے، جلد وطن واپس جانا چاہتا ہوں تا کہ ملک کی تعمیر و ترقی کے کام کو پہلے والے جوش و جذبے سے جاری رکھ سکوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے ڈاکٹر سے چیک اپ کراؤں گا،جس کے بعد وطن واپسی کا فیصلہ ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق کیا جائے گا۔

دریں اثناء وزیراعظم نواز شریف سے ان کے سیکرٹری فواد حسن فواد نے بھی ملاقات کی، جس میں اہم فائل ورکس سے متعلق امور زیر غور آئے۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار مہتاب احمد خان اور پیر صابر شاہ نے کہا کہ آپریشن کے بعد وزیراعظم نواز شریف کی صحت میں کافی اور تیزی سے بہتری آئی ہے، وزیراعظم جلد وطن واپسی کے خواہشمند ہیں، امید ہے کہ وزیراعظم عید اپنے ہم وطنوں کے ساتھ منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں انہیں ملک کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا، نواز شریف کی صحت یابی پر بہت خوشی ہے ۔(اح)