سترہ دوکانیں اور چھ فلیٹ جل گئے

Mohammad Ali IPA محمد علی بدھ 22 جون 2016 20:25

سیالکوٹ(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی 22جون۔2016ء ) لہائی بازار کی مارکیٹ میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگنے والی آگ کی وجہ سے سترہ دوکانوں اور چھ رہائشی فلیٹس میں کروڑوں روپے کامال جل کر خاکستر ہوگیا ہے ۔لہائی بازار میں بوٹی مارکیٹ میں آگ رات ایک بجے لگی تھی ۔پولیس کے مطابق شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی جس نے پوری مارکیٹ کی سترہ دوکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔

(جاری ہے)

آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے سترہ دوکانوں میں کاس میٹکس ، ہوزری ، کھلونوں اور دیگر اشیاء کو جلا کر راکھ کردیا جبکہ آگ نے چھ رہائشی فلایٹس کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جہاں رہنے والوں نے بھاگ کراپنی جانیں بچائیں ۔عینی شاہدین کے مطابق مارکیٹ سے ملحقہ مکانوں کے لوگ بھی گھروں سے باہر نکل آئے اور مارکیٹ کے باہر کی ایک دوکان بھی آگ کی زد میں آکر جل گئی ۔آگ کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن علاقہ میں بجلی کانظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ریسکیو فائر بریگیڈ کے عملہ نے پانچ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا ۔ انتظامیہ واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :