یوم ِ یتامیٰ اِس عزم کے اظہار کا دن ہے کہ ہمارے معاشرے میں کوئی بھی یتیم بے سہارا نہ رہے۔

Mohammad Ali IPA محمد علی بدھ 22 جون 2016 20:21

لاہور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی 22جون۔2016ء ) 15 رمضان المبارک کو دیگر مسلم دنیا کی طرح پاکستان میں بھی یوم یتامیٰ بھر پور سماجی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا ۔ اس سلسلے میں پاکستان آرفن کئیر فورم کے تحت ملک بھر میںآ گاہی واک، سیمینار اور کانفرنسس کا انعقاد کیا گیا۔جس میں یتیم بچوں کو در پیش مسائل اور اُن کے حل کے لئے معاشرے کی اجتماعی ذمہ
داریوں کا شعور اجاگر کیا گیا ۔

لاہور میں اِسی سلسلے میں ایک تقریب برکت مارکیٹ میں کی گئی جس میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص ، الخدمت پنجاب کے صدر راؤ محمد ظفر ، الکدمت لاہور کے صدر انس واحدی اور غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید عامر محمودجعفری سمیت الخدمت فاؤنڈیشن ، ہیلپنگ ہینڈ، مسلم ایڈ ، اسلامک ریلیف پاکستان،ہیومن اپیل، قطر چیرٹی ، ریڈ فاؤنڈیشن، تعمیرِ ملت فاؤنڈیشن، ایدھی ہومز،فاوٴنڈیشن آف فیتھ فل،انجمن فیض الاسلام،صراط الجنت ٹرسٹ، خبیب فاؤنڈیشن،سویٹ ہومز،مسلم ہینڈز ،ہوپ موومنٹ ، جستجواور فاؤنڈیشن آف دی فیتھ فل کے ذمہ داران اور یتیم بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

سید احسان اللہ وقاص نے اِس مو قع پر کہا کہ 15رمضان المبارک کو او ۔آئی ۔سی (آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن)کے تحت مسلم دنیا بھرمیں ”یوم یتامیٰ “(Orphans Day)کے طور پرمنایا جاتا ہے جبکہ اس سال سینٹ میں ہر سال15 رمضان المبارک کو لاوارث و یتیم بچوں کا دن سرکاری طور پر منانے کا بل2016ء منظور ہونے کے بعد پاکستان میں بھی یہ دن سماجی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

پاکستان میں یتیم بچوں کی کفالت کا اہتمام کرنے والے مختلف اداروں کی جانب سے15 رمضان المبارک کو ”یوم ِ یتامیٰ “اِس عزم کے اظہار کا دن ہے کہ مسلم معاشرے کے لئے ہر یتیم بچہ رنگ، نسل اور مذہب کی تمیز کے بغیر اپنے ہی بچوں کی طرح عزیز ہے اور آج کے پروگرام کے مہمانِ خصوصی بھی یہ بچے ہی ہیں۔راؤ محمد ظفر نے کہا کہ ا س وقت دنیا بھر میں یتیم بچوں کا معاملہ سنگین صورت حال اختیار کرتاجا رہا ہے۔

خاص طور پر مسلم ممالک اور پاکستان میں بھی ناگہانی آفات ، بدامنی کے خلاف جنگ ،صحت عامہ کی سہولیات کی کمی اور روزمرہ حادثات کے باعث یتامیٰ کی تعداد اور حالات میں خوفناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔اقوام متحدہ کے ادارہ ”یونیسف“ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں42 لاکھ بچے یتیم ہیں اوران میں بڑی تعداد ایسے بچوں کی ہے جنہیں تعلیم وتربیت ،صحت اور خورا ک کی مناسب سہولیا ت میسر نہیں۔

میں تمام اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ اس نیک اور عظیم مقصد کے لئے ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔تقریب میں یتیم بچوں نے یتیم بچوں کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے خصوصی ٹیبلو بھی پیش کیا جبکہ بچوں کے لئے پپٹ شو کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ آخر میں بچوں میں انعامات تقسیم کئے تھے اور دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :