وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم کے کسان پیکیج کی اصل حقیقت بھی سامنے آرہی ہے، شاہ محمود قریشی

Mohammad Ali IPA محمد علی بدھ 22 جون 2016 20:21

اسلام آباد(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی 22جون۔2016ء ) وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم کے کسان پیکیج کی اصل حقیقت بھی سامنے آرہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری ایک بیان میں شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ341 ارب روپے کے پیکج میں سے محض 30 ارب کے اخراجات کا حکومتی فیصلہ انتہائی شرمناک ہے۔

انھوں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب حکومت کسان پیکیج کا دس فیصد بھی کسانوں پر خرچ نہیں کرنا چاہتی تھی تو پھر اربوں روپے مختص کرنے کی کیا ضرورت تھی۔ گزشتہ تین برسوں میں حکومت کی گمراہ کن پالیسیوں نے زراعت کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ حکومت کی زراعت پر عدم توجہی کاشتکاروں کے لئے مسائل کا سبب ہے۔

(جاری ہے)

مشکل کے ان حالات میں پاکستان تحریک انصاف کسانوں کے ساتھ ہم آواز ہے۔

وائس چئیرمین پاکستان تحریک انصاف نے اس بات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی
45 فیصد محنت کش آبادی کی زراعت سے وابستگی کے باوجود زرعی ترقی مسلسل گراوٹ کی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت سنبھالنے کیلئے 12 لاکھ کسانوں کی زندگیوں میں انقلاب ناگزیر ہے۔ زرعی شعبے کی مکمل بحالی تک غربت کے خاتمے کے دعوے مضحکہ خیز ہی رہیں گے۔ اعدادوشمار کی ہیر پھیر کا سہارا لینے کی بجائے حکومت صحیح معنوں میں غربت میں کمی کی فکر کرے۔ رہنما تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ محنت کش طبقے کی خوشحالی اور معیشت کی بحالی کیلئے زرعی شعبے پر ترجیحاً وسائل خرچ کئے جانا چاہیں تاکہ کسان اور محنت کش طبقے کو بھی کچھ سکون کا سانس ملے۔

متعلقہ عنوان :