صدر مملکت ممنون حسین کی ثمر قند میں حضرت امام محمد بن اسماعیل البخاری کے مزارپر حاضری ، امیر تیمور کے مزار کا بھی دورہ

امام بخاری کی تدوین احادیث رسول کریمﷺکے ذریعے دین محفوظ ہو گیا ،کارنامہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائیگا، ممنون حسین

بدھ 22 جون 2016 19:42

ثمرقند(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جون ۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے ثمر قند کے قریب احادیث نبوی ﷺکے مستند ترین مجموعے بخاری شریف کے مدون حضرت امام محمد بن اسماعیل البخاری المعروف امام بخاری کے مزارپر حاضری دی۔ صدر مملکت نے اس موقع پر امام بخاری کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام بخاری کی تدوین احادیث رسول کریمﷺکے ذریعے دین محفوظ ہو گیا جس کیلئے مسلمان قیامت تک ان کے شکر گزار رہیں گے اور ان کا یہ کارنامہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے اس موقع پر عالمی امن و استحکام اورپاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔ صدر مملکت نے امام بخاری میوزیم کے لیے قرآن مجید کا تحفہ بھی دیا۔صدر مملکت نے خاندان تیموریہ کے جد ِ امجد امیر تیمورکے مزار کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ ان کا نام تاریخ کے بڑے فاتحین میں شامل ہے۔ صدر مملکت نے ریگستان اسکوائر کا بھی دورہ کیا اس کے فن تعمیر میں گہری دلچسپی لی اور اس کی شاندار دیکھ بھا ل پر ازبک حکومت کے انتظامات کی تعریف کی۔اس سے قبل صدر مملکت ثمر قند پہنچے تو سمر قند کے حاکم( گورنر) بارنوئے اوکتم ایزاوچ اور ڈیوران خِدایاطوف، چیئرمین پرائیویٹائزیشن نے صدر مملکت کا خیر مقدم کیا۔

متعلقہ عنوان :