افغان سیکورٹی فورسز کاانسداد دہشتگردی آپریشن اور امریکی ڈرون حملہ،

اہم طالبان کمانڈر گل خان سمیت 34شدت پسند ہلاک، 10زخمی ، طالبان کے حملوں اور افغان فوجی کی فائرنگ سے 9سیکورٹی اہلکار ہلاک ہلمندمیں طالبان کے ہاتھوں اغواء ہونے والے 20مسافروں کو رہا کردیا گیا،کابل خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے 12نیپالی گارڈز کی لاشیں روانہ کردی گئیں

بدھ 22 جون 2016 18:14

افغان سیکورٹی فورسز کاانسداد دہشتگردی آپریشن اور امریکی ڈرون حملہ،

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جون ۔2016ء) افغان سیکورٹی فورسز کے انسداد دہشتگردی آپریشن اور امریکی ڈرون حملے میں اہم طالبان کمانڈر گل خان سمیت 34شدت پسند ہلاک اور 10زخمی ہوگئے جبکہ طالبان کے حملوں اور افغان فوجی کی فائرنگ سے 9سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ،دوسری جانب صوبہ ہلمند سے طالبان کے ہاتھوں اغواء ہونے والے 20مسافروں کو رہا کردیا گیا ۔

بدھ کو افغان میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن افغان سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر کیا جس میں 29شدت پسند ہلاک اور 10زخمی ہوگئے ۔افغان سیکورٹی فورسز نے خودکش حملہ آور سمیت 21مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔وزارت دفاع کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ زیادہ تر شدت پسند شمالی صوبہ قندوز میں مارے گئے ۔

(جاری ہے)

ہلاک ہونے والے 8شدت پسندوں میں گروپ کمانڈر ابو بکر بھی شامل ہے ۔

پکتیکا میں ایک اور آپریشن کے دوران 6شدت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ ننگرہا ر میں داعش کے 6جنگجو مارے گئے ۔شمال مشرقی صوبہ بدخشان کے ضلع تاقاب میں 6 شدت پسند جبکہ ہلمند کے ضلع غنی میں 3شدت پسند ہلاک اور 4زخمی ہوگئے۔آپریشن کے دوران 5افغان فوجی بھی مارے گئے ۔شمالی صوبہ قندوز میں امریکی ڈرون حملے میں طالبان کا اہم کمانڈر گل خان مار ا گیا ۔مقامی سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون حملہ ضلع اما م صاحب کے علاقے میں کیا گیا جس میں طالبان کا اہم کمانڈر گل خان عرف خانجر اپنے چار دیگر ساتھوں کے ہمراہ مار ا گیا۔

ڈرون حملے میں مقامی شہریوں کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ادھر شمال مغربی صوبہ بدخیس میں افغان نیشنل آرمی کے اہلکار نے فائرنگ کرکے اپنے 4ساتھیوں کو ہلاک کردیا۔مقامی حکام کاکہنا ہے کہ واقعہ ضلع جنڈ کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایک افغان فوجی نے فائرکھول دیا جس سے اسکے چار ساتھی مارے گئے ۔صوبائی کونسل کے ایک رکن کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں ایک اہلکار زخمی بھی ہوا ہے جبکہ سیکورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور بھی مارا گیا ۔

واقعے کی اصل وجوہات کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا۔اس سے قبل صوبہ ارزگان کے ضلع چارچینو میں ایک پولیس اہلکار نے فائرنگ کرکے چھ ساتھیوں کو قتل کردیا تھا۔دوسری جانب صوبہ ہلمند میں اغواء ہونے والے 20مسافروں کو رہا کردیا گیا ۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ رہا ہونے والے 20مسافر ضلع گریشک کی ہائی وے سے طالبان کی طرف سے اغواء کیے گئے 43 مسافروں میں شامل تھے ۔افغان نیشنل آرمی کی215ویں میوند کور 18مسافروں کو اغواء کے چند گھنٹوں بعد رہا کردیا گیا تھا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبا ن نے ابھی بھی 5مسافر وں کو یرغمال بنا رکھا ہے ۔چند روز قبل کابل میں نیپالی گارڈز کی منی بس پر ہونے والے خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے 12نیپالی گارڈز کی لاشیں روانہ کردی گئی ہیں۔