پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں سے نظام زندگی درہم برہم ،مختلف حادثات میں 3افراد جاں بحق ،12زخمی

بدھ 22 جون 2016 16:18

پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں سے نظام زندگی درہم برہم ..

لاہور /اسلام آباد /گوجرانوالہ/فیصل آباد /سیالکوٹ /منڈی بہاؤالدین( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جون ۔2016ء) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ،مختلف حادثات میں 3افراد جاں بحق اور 12زخمی ہو گئے ،شدید بارش کے باعث آدھے سے زیادہ لاہور کی بجلی غائب ہو گئی ،موسم کی خرابی کے باعث لاہور ائیرپورٹ سے اندرون و بیرون ملک جانے والی متعدد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جس کے باعث 2ہزار سے زائد مسافر ایئرپورٹ پر پھنس گئے،شدید بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صبح سے فیصل آباد، شیخوپورہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، ناروال، قصور، ننکانہ صاحب، لاہور، گجرات ،گوجرانوالہ ، اسلام آباد اور منڈی بہاؤالدین سمیت دیگر شہروں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا ۔

(جاری ہے)

لاہور میں صبح تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش سے ہر طرف جل تھل ہو گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا لیکن نظام زندگی بھی شدید متاثر ہوا۔

نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوا تو سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں اور کئی علاقوں میں پانی لوگوں کے گھروں میں بھی داخل ہو گیا جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔طوفانی بارش کے باعث لاہور میں بجلی کے 150فیڈر ٹرپ ہونے سے شہر کا 60فیصد حصہ بجلی سے محروم ہو گیا ۔لاہور ائرپورٹ اور اطراف میں 60جبکہ شہر میں 40ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ۔

لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، موسم کی خرابی کے باعث علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے اندرون و بیرون ملک جانے والی متعدد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جس کے باعث 2ہزار سے زائد مسافر ایئرپورٹ پر پھنس کر رہ گئے لاہور میں بارش کے باعث مختلف حادثات میں 2افراد جاں بحق جب کہ صوفیہ آباد میں مکان کی چھت گرنے سے 2افراد زخمی بھی ہوئے۔

وزیراعلی پنجاب وزیراعلی شہباز شریف نے بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا نوٹس لیتے ہوتے متعلقہ حکام کو فوری طور پر پانی نکالنے کا حکم دیا ہے۔ دوسری جانب ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) عثمان نے شہریوں کو بجلی کے پولز سے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے بغیر ضرورت کے گھر سے باہر نہ نکلنے کی تلقین کی ہے۔گوجرانوالا میں بھی موسلادھار بارش سے گیپکو ریجن میں 100سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے باعث متعدد علاقوں کی بجلی غائب ہو گئی۔

اس کے علاوہ شیخوپورہ میں بھی طوفانی بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، جھنگ، چیچہ وطنی، ساہیوال، جہلم اور اٹک میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔اسلام آباد ، سیالکوٹ ، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی ابر رحمت برسنے سے گرمی کا احساس کم ہوگیا ۔ ہرچیز دھل کر نکھر گئی ۔اسلام آباد میں بھی بارش کے بعد سرمئی بادلوں کے ڈیرے ہیں ، ہلکی ہلکی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں جس سے گرمی کا احساس کم ہوگیا ۔

شیخوپورہ ، سیالکوٹ ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش نے موسم کو سہا نا بنا دیا ۔بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آنے سے شاہراہوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔جبکہ بعض مقامات پر پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا۔منڈی بہاؤالدین میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، مالاکنڈ، ڈی آئی خان، بنوں، کوئٹہ، ژوب، سبی، نصیرآباد، سکھر، لاڑکانہ ڈویڑن، فاٹا، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ24گھنٹوں کے دوران بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخواہ، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش پنجاب: منڈی بہاولدین63، جھنگ55، نورپورتھل49، منگلا43، سیالکوٹ( ائیرپورٹ 39، کینٹ09)، لیہ36، گوجرانوالہ28، جہلم23، جوہر آباد17، ٹوبہ ٹیک سنگھ10، راولپنڈی( چکلالہ09، شمس آباد05)، اسلام آباد(بوکرہ08، زیروپوئنٹ، گولڑہ05، سید پور02)، مری 08، لاہور(سٹی06، ائیرپورٹ01)، فیصل آباد05، گجرات 04، چکوال03، بھکر02، خیبرپختونخوا: کوہاٹ35، بالاکوٹ21، مالم جبہ 14، بنوں11، میرکھانی07، کالام06، ڈی آئی خان03، پاراچنار، دروش02، دیر، کاکول01، کشمیر: مظفر آباد14، کوٹلی 07، گڑھی دوپٹہ06، راولاکوٹ04، گلگت بلتستان: ہنزہ02، گلگت، بگرٹ01 ملی میٹر۔

گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت: سبی50 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ جیکب آباد 49، تربت، رحیم یار خان، دادو48، سکھر47، روہڑی، لاڑکانہ،موہنجوداڑو، بہاولپور46 ڈگری سینٹی گریڈکیا گیا ۔ڈی جی میٹ غلام رسول کا کہنا ہے کہ گلوبل وارمنگ کے باعث درجہ حرارت تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے، شدید گرمی سے گلیشئرز پگھلنے میں تیزی آئی ہے، رواں برس شدید بارشوں کے باعث سیلاب کا خدشہ ہے تاہم ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مون سون بارشوں کا باقاعدہ سلسلہ 27جون سے شروع ہوگا جو ستمبر تک جاری رہے گا جب کہ آئندہ برسوں میں ہمیں موسمیاتی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کراچی میں بھی رواں برس 25سے 30فیصد زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :