دہشت گرد حملے کے بعد اٹارنی جنرل کا دورہ اورلینڈو،نائٹ کلب پر مہلک حملے کے متاثرین سے اظہار یکجہتی

بدھ 22 جون 2016 15:16

اورلینڈو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جون۔2016ء) امریکہ کی اٹارنی جنرل لوریٹا لنچ نے فلوریڈا کے شہر اورلینڈو کا دورہ کیا اور 10 روز قبلنائٹ کلب پر مہلک حملے کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب پر حملے کے بعد اٹارنی جنرل لوریٹا لنچ نے فلوریڈا کا دورہ کای اور حملے کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا۔

لوریٹا نے شہر کی غمزدہ ہم جنس پرست برادری سے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے حملے کی تحقیقات میں شریک فلوریڈا کے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے لیے اوقات کار سے زیادہ (اوور ٹائم) کام کی مد میں دس لاکھ ڈالر کی ایمرجنسی گرانٹ کا اعلان کیا۔لوریٹا لنچ نے استغاثہ کے حکام، جائے حادثہ پر سب سے پہلے پہنچنے والے افراد اور امریکہ کی جدید تاریخ میں فائرنگ کے سب سے مہلک واقعے کے متاثرین سے ملاقاتیں کیں۔

(جاری ہے)

دریں اثنا تحقیق کار حملہ آور عمر متین کے پس منظر کے بارے میں مزید معلومات اکٹھی کر رہے ہیں جس نے 12 جون کو پلس نائٹ کلب میں حملہ کر کے 49 افراد کو ہلاک اور درجنوں افراد کو زخمی کر دیا تھا۔لوریٹا لنچ نے کہا کہ یہ کتنی ستم ظریفی ہے کہ تقریبا مکمل طور پر محبت سے معروف ایل جی بی ٹی برادری یعنی ہم جنس پرست، دونوں جنسوں کی طرف رجحان رکھنے والے اور جنس تبدیل کرنے والے افراد کو کتنی مرتبہ نفرت سے نشانہ بنایا گیا ہے۔انہوں نے ایل جی بی ٹی برادری سے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ یہ کہنے کے لیے کھڑے ہیں کہ اس دنیا میں اچھائی برائی سے بہت بھاری ہے، ہماری مشترکہ انسانیت ہمارے اختلافات سے بالاتر ہے، اور دہشت گردی اور نفرت کا سب سے مثر جواب ہمدردی، اتحاد اور محبت ہے۔