یورپی یونین کا روس پر مزید چھ ماہ کے لیے پابندیاں برقراررکھنے کا اعلان

بدھ 22 جون 2016 12:46

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جون ۔2016ء) یورپی یونین کے ایک اجلاس میں رکن ممالک نے روس پر اقتصادی پابندیاں مزید چھ ماہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یورپی یونین کی جانب سے پابندیوں کا یہ سلسلہ سن 2014 میں کریمیا کے ادغام پرشروع کیا گیا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک سفارتی ذریعے نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایاکہ یورپی یونین کی رکن ریاستوں کے نمائندے روس پر پہلے سے عائد اقتصادی پابندیوں کو مزید چھ ماہ کی توسیع دینے پر اصولی طور پر راضی ہو گئے ہیں۔

اجلاس میں یہ اصولی فیصلہ ریاستوں نے بغیر کسی اختلاف کے، مشترکہ طور پر کیا۔ روس پر یونین کی جانب سے پابندیوں کا فیصلہ سن 2014 میں مشرقی یوکرائن کے روس نواز باغیوں کی مسلح سرگرمیوں کے شروع ہونے کے بعد کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق اٹھائیس رکنی یورپی یونین کی رکن ریاستوں کے سفیروں کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کی باضابطہ منظوری یونین کے وزراء کے اجلاس میں دی جائے گی۔

وزراء کا اجلاس امکاناً آئندہ جمعہ کے روز ہو سکتا ہے۔ موجودہ پابندیاں کی مدت رواں برس کے اگلے مہینے جولائی میں ختم ہو گی۔ پابندیاں جاری رکھنے کی ایک بنیادی وجہ یوکرائنی تنازعے میں مثبت پیش رفت نہ ہونا قرار دیا گیا ہے۔ توسیع کی صورت میں پابندیاں جنوری سن 2017 تک برقرار رہیں گی۔یہ امر اہم ہے کہ یورپی یونین کی اقتصادی پابندیوں نے روس کو معاشی طور پر خاصا پریشان کر رکھا ہے۔

یورپی منڈیوں تک روسی درآمدات کی ترسیل بند ہونے سے بھی ماسکو حکومت کو اقتصادی مشکلات کا سامنا ہے۔ اسی طرح روسی بینکوں کو بھی یورپی اقوام کے ساتھ اپنے معاملات آگے بڑھانے میں پیچیدگیوں کا سامنا ہے۔ یوکرائنی تنازعے کے بعد لگائی جانے والی پابندیوں نے روسی کرنسی روبل کی قدر کو شدید متاثر کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :