ہم اقتدار میں آکر مہاجرین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ،بیرسٹر سلطان محمود

منگل 21 جون 2016 16:57

گوجر خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جون ۔2016ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم اقتدار میں آکر مہاجرین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے جب میں وزیر اعظم تھا تو میں نے اس وقت بھی مہاجرین کے لئے ترقیاتی فنڈز رکھوائے تھے کیونکہ میں سمجھتا تھا کہ پاکستان میں جہاں جہاں بھی مہاجرین جموں وکشمیر مقیم ہیں انہیں ان کے علاقوں میں انکی ضروریات کے مطابق ترقیاتی کام کراکے سہولتیں فراہم کی جائیں۔

مہاجرین کی سیٹیں پی ٹی آئی کشمیر جیتے گی اور بالخصوص جموں 6 کی سیٹ پی ٹی آئی کے امیدوار چوہدری حمید پوٹھی بھاری اکثریت سے جیتیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں گوجر خان میں مہاجرین کے حلقہ جموں 6 کے پی ٹی آئی کشمیر کے امیدوار چوہدری حمید پوٹھی کی انتخابی مہم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے مہاجرین پر زور دیا کہ وہ پی ٹی آئی کشمیر کے امیدواروں کی بھرپور حمایت کریں کیونکہ اس وقت ملک میں عمران خان ہی وہ واحد لیڈر ہیں جو ملک کوو درپیش اندارونی و بیرونی چیلنجز سے نکال سکتے ہیں ۔

عمران ہمارے قائد ہیں اور وہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں لہذا عوام اس سلسلے میں ہمارا ساتھ دیں۔آزاد کشمیر کا یہ الیکشن بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اسکے بعد پاکستان کے بھی الیکشن ہیں ۔ لہذا مہاجرین جموں و کشمیر پی ٹی آئی کشمیر کے امیدواروں کو ووٹ دیکر تبدیلی کے لئے عمران خان کا ساتھ دیں۔ کیونکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے مک مکا کی وجہ سے لوگ ان دونوں پارٹیوں سے خائف ہیں اور وہ عمران خان کی صورت میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کشمیر اقتدار میں آکرعمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کو حقوق دلوائے گی او تعلیم و صحت عوام کی دہلیز تک پہنچائیگی۔

متعلقہ عنوان :