فرسودہ قیادت نے عوامی مسائل حل کرنے میں کوئی کردار ادا نہیں کیا،شیخ عقیل الرحمن

منگل 21 جون 2016 15:53

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جون ۔2016ء)جماعت اسلامی آزادکشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمن نے کہا ہے فرسودہ قیادت نے عوامی مسائل حل کرنے میں کوئی کردار ادا نہیں کیا۔خطہ میں حقیقی تبدیلی لانے کے لئے آمدہ انتخابات میں دیانتدار قیادت کا انتخاب ضروری ہے۔جماعت اسلامی ہی عوام کے مسائل حل کرسکتی ہے۔عوام آمدہ انتخابات میں جماعت کا ساتھ دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفرآباد میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دارالحکومت کے مسائل کی ذمہ داری حکومت اور اپوزیشن پر ہے۔عوام مسائل کی دلدل میں دھنس چکے ہیں۔بجلی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ طویل تر ہوچکا ہے جس کی وجہ سے کاروبار زندگی مکمل طور پر ٹھپ ہوکر رہ چکا ہے۔1200میگاوٹ بجلی پیدا کرنے والے خطہ کو 300میگاواٹ بجلی بھی فراہم نہیں کی جارہی ہے جوکہ اس کی ضرورت ہے۔عوام آمدہ انتخابات میں کرپٹ ٹولے کا احتساب کریں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اس سے قبل بھی عوام کی خدمت کی ہے اور ہرمشکل وقت میں عوام کی خدمت کی ہے۔آئندہ بھی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔عوام کرپٹ حکمرانوں کو مسترد کرکے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔