پیپلزپارٹی خدمت خلق پر یقین رکھتی ہے ،آئندہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے انتخابات جیتے گی، چوہدری عبدالمجید

منگل 21 جون 2016 15:53

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جون ۔2016ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پیپلزپارٹی خدمت خلق پر یقین رکھتی ہے پیپلزپارٹی کی حکومت نے خدمت خلق کے مشن کو پانچ سال اپنائے رکھااور آزادکشمیر کی ترقی وخوشحالی کے لیے میگا پراجیکٹس دیئے آمدہ انتخابات میں پیپلزپارٹی پوری قوت کے ساتھ حصہ لے کر بھاری اکثریت سے یہ انتخابات جیتے گی اور دوبارہ حکومت بنائے گی۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو سیاست میں ہماری رول ماڈل ہیں شہید جمہوریت کے ویژن کے مطابق عوامی ترقی وخوشحالی کے لیے خود کو وقف کررکھا ہے شہید جمہوریت کے فرزند بلاول بھٹو زرداری پاکستان کا مستقبل ہیں اور پاکستان کے آئندہ وزیراعظم ہیں بلاول بھٹو کے آزادکشمیر جلسوں نے وفاقی وزراء کو حواس باختہ کردیا ہے اور جگہ جگہ وفاقی وزراء کی چیخ وپکار سنائی دے رہی ہے وفاقی وزرا نے آزادکشمیر میں گلگت بلتستان جیسا ڈرامہ سٹیج کرنے کے جو منصوبے بنائے تھے وہ سب ناکام ہوگئے آزادکشمیر کے غیرت مند عوام نے ثابت کردیا ہے کہ ان کے ضمیروں کو خریدا نہیں جاسکتا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہاکہ میں عوام کا چوکیدار ہوں عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا جانتا ہوں میں عوامی حقوق پر کبھی کمپرومائز نہیں کروں گا اور آزادکشمیر کے عوام کی غیرت کو کبھی نیلام نہیں ہونے دوں گا وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی وزراء کے آزادکشمیرمیں سیاسی یلغارکا راستہ روکیں گے اور انہیں تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں افرا تفری پیدا نہیں کرنے دیں گے۔

آزادکشمیر کے غیرت مند عوام کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وفاقی وزراء کی خرید وفروخت کی منڈیوں کو مسترد کردیا اور ان کی منفی سیاست سے لاتعلقی کا اظہار کردیا ہے۔ن لیگ کے اقتدار کے خواب کبھی پورے نہیں ہوں گے بیرسٹر سلطان محمودکی سیاست فوٹو سیشن تک محدود ہے جو جلد زمین پر آجائیں گے ان کی سیاست ختم ہو چکی ہے آزادکشمیر میں کشمیری عوام یہودی کلچر کو کبھی تسلیم نہیں کرسکتی پارٹی کارکن ،پی وائی او اور پی ایس ایف د بنگ طریقے سے انتخابی مہم چلائیں ۔

پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے یہ انتخابات بہت اہمیت کے حامل ہیں اور یہ ا انتخابات فوج کی نگرانی میں ہوں گے دھونس ودھاندلی کے ذریعے عوام کے حق رائے دہی چرانے والے اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید یہاں پیپلزسیکرٹریٹ میں کارکنوں سے خطاب کررہے تھے مشیر حکومت شوکت راجہ،مشیر وزیراعظم راجہ نیاز خان، وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری عامر ذیشان جرال، پیپلزپارٹی سٹی کے صدر غلام رسول عوامی اور پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل چوہدری فرید انور ایڈووکیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ عوام ہماری طاقت ہیں عوامی طاقت سے پیپلزپارٹی بہت بڑی قوت بن چکی ہے منفی گٹھ جوڑ ،الزام تراشیوں اور سازشوں کے ذریعے پیپلزپارٹی کا راستہ نہیں روکا جاسکتا۔پیپلزپارٹی دوبارہ حکومت بنا کردکھائے گی ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ اقتدار کے لیے بلند وبانگ دعوئے کرنے والے اور ہوائی پیکیج کا اعلان کرنے والے پیپلزپارٹی کی کامیابی کا راستہ نہیں روک سکتے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ خدمت خلق ہمارا مشن ہے جب تک زندہ ہیں یہ مشن جاری رہیگا۔