انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی جنرل کونسل کا اجلاس کل کروشیا میں ہوگا

منگل 21 جون 2016 14:34

انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی جنرل کونسل کا اجلاس کل کروشیا میں ہوگا

اسلام آباد ۔ 21 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 جون۔2016ء) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن(آئی ٹی ایف) کی جنرل کونسل کا اجلاس کل بدھ کو کروشیاء میں ہوگا جس میں پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ خان پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری محمد خالد رحمانی کے مطابق انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن(آئی ٹی ایف) کی جنرل کونسل کا اجلاس 22 جون کو کروشیاء میں ہوگا جس میں انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن سے منسلک 170ممالک کے فیڈریشن کے سر براہان شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشل ٹینس فیڈریشن(آئی ٹی ایف) کی جنرل کونسل کا اجلاس نئی منتخب باڈی پہلی مرتبہ انعقاد کر رہی ہے جس میں پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ خان آئی ٹی ایف کی جنرل کونسل کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پی ٹی ایف کے صدر پاکستان میں بین الاقوامی مقابے بحال ہونے کے ساتھ ساتھ ملک میں ڈیوس کپ کے مقابلے کرانے کی تجویز اجلاس میں پیش کریں گے۔

اسی طرح گزشتہ گزشتہ سال نومبر میں سری لنکا میں ایشین ٹینس فیڈریشن کا اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں ایشین ٹینس فیڈریشن کے42 ممالک نے قرارداد پاس کی تھی کہ پاکستان کے اندر ڈیوس کپ کے مقابلے بحال کئے جائیں ۔ رواں سال مارچ میں 2 ایشین ٹینس فیڈریشن کے ایونٹس کا بھی کامیابی سے انعقاد کیا گیا جس میں غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی اس حوالے سے بھی آئی ٹی ایف کا آگاہ کیا جائے گا۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ خان اجلاس میں شرکت کے بعد 9 جولائی کو وطن واپس پہنچیں گے۔